ممبئی ۔31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی سابق کرکٹر وی وی ایس لکشمن نے روہت شرما کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈین پریمیر لیگ میں اسٹار اوپنر کی بطور کپتان کی کامیابی کا راز سخت و نامساعد حالات میں پرسکون رہنے کی صلاحیت ہی ہے ۔ ویری ویری اسپیشل کے نام سے مشہور وی وی ایس لکشمن نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے سب سے زیادہ کامیاب کپتان روہت شرما کے بارے میں اہم باتیں کہی ہیں۔لکشمن نے کہا کہ کون سی باتیں ہیں، جو انہیں اس ٹورنمنٹ کا سب سے کامیاب کپتان بناتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ روہت دباؤ کے وقت بھی صبرو تحمل اور امن سے کام لیتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ اس ٹورنمنٹ میں اتنے کامیاب کپتان ہیں۔ممبئی انڈینس کے 33 سالہ کپتان روہت نے اب تک آئی پی ایل میں چار خطاب جیتے ہیں جو چینائی سوپر کنگس کے کپتان مہندر سنگھ دھونی سے ایک خطاب زیادہ ہے ۔اس سے وہ آئی پی ایل کی تاریخ کے سب سے زیادہ کامیاب کپتان بن گئے ہیں۔لکشمن نے یاد کیا کہ دکن چارجرز کی جانب سے پہلے آئی پی ایل میں کھیلتے ہوئے روہت ایک بیٹسمین اور کپتان کے طور پر کس طرح بہتر بنتے چلے گئے ۔انہوں نے اسٹار اسپورٹس کے شوکرکٹ کنکٹڈ میں کہا کہ وہ دکن چارجرز کی ٹیم میں رہتے ہوئے ہی لیڈر بن گئے تھے ۔جب وہ پہلے سال آئے تو کافی نوجوان تھے اور پھر وہ ٹی20 ورلڈ کپ میں ہی کھیلے تھے اور انہیں ہندوستان کی جانب سے شروعات کئے ہوئے زیادہ وقت نہیں ہوا تھا ۔لکشمن نے کہا کہ ہماری ٹیم آئی پی ایل کے پہلے سیزن میں اچھی کارکردگی نہیں کر پائی تھی لیکن روہت نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا تھا۔انہوں نے جس طرح سے مڈل آرڈر میں دباؤ میں بیٹنگ کی وہ شاندار تھی۔ روہت آئی پی ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والیبیٹسمینوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ انہوں نے اب تک 188 میچوں میں 31.60 کی اوسط سے 4898 رنز بنائے ہیں، جس میں ان کا سب سے بہترین اسکور ناٹ آوٹ109 رن ہے ۔لکشمن نے کہا کہ ہر میچ اور ہر ایک کامیابی کے بعد ان کا اعتماد بڑھتا گیا۔وہ کور گروپ میں شامل ہو گئے ۔وہ نوجوانوں کی مدد کرتے اور اپنی بات رکھتے ۔یہ ان میں قائدانہ صلاحیتوں کی ابتدائی علامات تھیں ۔
انہوں نے کہا کہ لیکن سب سے اہم دباؤ کے حالات سے نمٹنا تھا، کیونکہ اس طرح کے مشکل حالات میں بیٹنگ کرکے انہوں نے ثابت کیا تھا اور وہ مسلسل بہتر بنتے رہے ۔یہی وجہ ہے کہ وہ آئی پی ایل کے سب سے زیادہ کامیاب کپتانوں میں سے ایک ہیں۔
