وبائی امراض پھیلنے کا امکان ، سرکاری عہدیداران و سیاسی قائدین کی مجرمانہ غفلت
حیدرآباد ۔ 13نومبر ( سیاست نیوز) پرانا شہر کے علاقہ دبیرپورہ میں بلدی حکام کی مجرمانہ غفلت اور عوامی نمائندگی بے حسی کی زندہ مثال دیکھنے میں آئی ہے ، جہاں علاقہ کی عوام کے علاوہ راستے سے گذرنے والے شہریوں کو بھی بے شمار مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ دبیرپورہ کے علاقہ میں چوراہے کے قریب موجودہ حالات سے ایسا لگتا ہے کہ بلدی حکام اور عوامی نمائندوں کو دکھائی نہیں دیتا یا پھر عوامی مسائل سے عدم دلچسپی کا انہیں سانپ سونگھگیا ہے ۔ تعجب کی بات تویہ ہے کہ اس مصروف ترین چوراہے پر گذشتہ ماہ سے ترقیاتی کام ماند پڑا ہوا ہے اور اس کی یکسوئی میں کسی کو دلچسپی نہیں جبکہ اس زیرالتواء کام کے سبب اس علاقہ میں ٹریفک جام کا مسئلہ بھی سنگین رخ اختیار کرتا جارہا ہے ، جس کے اثرات آس پاس کے علاقوں میں دور دور تک دکھائی دیئے ہیں ، حالانکہ ٹریفک پولیس بھی موجود رہتی ہے ۔ بلدی نظام کے محکموں کی لاپرواہی تو عام بات ہے لیکن مقامی عوامی نمائندوں کی بے حسی شہریوں میں بے چینی کا باعث بنی ہوئی ہے اور شہر کو عالمی معیار کا شہر بنانے والے حکمرانوں کیلئے بھی یہ بات لمحہ فکر ہے بلدی حکام کی اس مجرمانہ غفلت جس کے سبب یہ غیر مکمل کام سے گندگی اور تعفن بھی پیدا ہورہا ہے جس سے وبائی اور مہلک امراض پھیلنے کا خطرہ لاحق ہوگیا ۔ شہریوں کو راحت فراہم کرنے کے فوری طور پر اقدامات ناگزیر ہیں جبکہ شہریوں کا پرسان حال کوئی نہیں ۔