دبیر پورہ ریلوے اسٹیشن پر نوجوان ہلاک

   

حیدرآباد۔ /3 اکٹوبر (سیاست نیوز) دبیرپورہ ریلوے اسٹیشن پر پیش آئے ایک دلخراش واقعہ میں ایک نوجوان ہلاک ہوگیا ۔ لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ نوجوان کی نعش دو حصوں میں کٹنے کے بعد تقریباً 15 تا 20 منٹ مدد کیلئے تڑپتی رہی لیکن وہاں موجود کوئی بھی شخص یا پولیس ملازمین نے بروقت مدد نہیں کی بلکہ کئی افراد نے اس افسوسناک منظر کی ویڈیو گرافی اور تصویر کشی کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ آج شام ایک شخص ریلوے پٹریاں عبور کررہا تھا کہ وہ ٹرین کی زد میں آگیا اور حادثہ کے نتیجہ میں اس کا جسم دو حصوں میں کٹ گیا ۔ نوجوان کا جسم مسلسل پٹریوں پر تڑپتا رہا لیکن کسی نے بھی اس کی مدد کیلئے بروقت کوئی بھی آگے نہیں آیا ۔ پولیس نے تین گھنٹوں کے بعد بذریعہ ایمبولینس اس نوجوان کی نعش کو دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا اور اس کے ملبوسات سے ایک آدھار کارڈ برآمد ہوا جس میں اس کا نام یوسف بتایا گیا ہے ۔ پولیس نے اس ضمن میں مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ۔