حیدرآباد : پرانے شہر دبیر پورہ میں کل رات سنسنی پھیل گئی جب ایک عادی مجرم نے ایک شخص کے قتل کی ناکام کوشش کی ۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے دیسی ساختہ بندوق و اسلحہ ضبط کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق 48 سالہ محمد داؤد ذاکر عرف دیویندر شرما متوطن نلگنڈہ نے اپنے والد کی اراضی چکر دھر نامی شخص کو 2005 ء میں فروخت کی ۔ اس سلسلہ میں اسے ایک کروڑ روپئے حاصل ہوئے تھے لیکن کچھ وجوہات کی بناء پر معاہدہ کو منسوخ کردیا گیا ۔ اس معاملہ میں پرانے شہر کے ساکن ایوب خان نے مداخلت کی ۔ جس پر داؤد ‘ایوب سے انتقام لینے دبیر پورہ پہنچ گیا اور اسے علی کیفے طلب کیا ۔ بات چیت کے دوران داؤد نے ایوب پر دیسی ساختہ پستول سے فائر کی کوشش کی لیکن چوکس ایوب خان نے اسے ناکام بنادیا اور ہتھیار چھین لیا ۔ عوام کی مدد سے داؤد ذاکر کو پکڑلیا گیا اور پولیس کے حوالے کردیا گیا ۔ ڈی سی پی ساؤتھ زون مسٹر گج راؤ بھوپال نے کہا کہ گرفتار شخص جملہ 4 مقدمات میں ملوث ہے جن میں ایس آر نگر ، بنجارہ ہلز ، ونستھلی پورم اور نلگنڈہ کے دو مقدمات شامل ہیں ۔ دبیر پورہ پولیس نے ملزم کے قبضہ سے دیسی ساختہ بندوق اور کارتوس برآمد کرلئے ۔ تحقیقات میں پولیس کو معلوم ہوا کہ 5 سال قبل ذاکر نے اترپردیش کے ایک شخص سے ہتھیار خریدا تھا اور اپنے قبضہ میں رکھا ۔