حیدرآباد ۔ 29 جنوری ( سیاست نیوز) رکن پارلیمنٹ بنڈارو دتاتریہ نے آج روڈ انڈر برج لالہ گوڑہ تکارام گوڑہ کا دورہ کیا اور وہاں جاری تعمیراتی کاموں کو سست رفتار قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ان کاموں میں تیزی پیدا کرنے وہ ریاستی حکومت سے بات چیت کریں گے ۔ معائنہ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے روڈ انڈر برج کی تعمیر کیلئے اپنے حصے کے 13کروڑ روپئے جاری کردیئے ہیں اور ریاستی حکومت کو اپنے حصے کا بجٹ جاری کرنا ہے ۔ اس وجہ سے کاموں کی رفتار سست ہوگئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت نے کچھ ریلوے جائیدادوں کی کھدوائی کی اجازت دی ہے تاکہ کام تعطل کا شکار نہ ہوں لیکن ریاستی حکومت اور جی ایچ ایم سی نے ابھی تک یہ کام شروع نہیں کئے ہیں ۔ انہوں نے عہدیداروں کو کاموں کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت دی ۔