لیہہ؍سرینگر ۔ 21 اکتوبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی فوج نے پاکستان کی دراندازی کی کوششوں پر منہ توڑ جواب دیا ہے اور ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی اگر وہ دراندازی نہ روکیں، وزیردفاع راجناتھ سنگھ نے پیر کے دن یہ بات کہی ۔ وہ ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے جو 1400 فٹ طویل کرنل چیوانگ رنچن برج کی افتتاحی تقریب تھی ۔ یہ پُل مشرقی لداخ میں دریائے شیوک پر تعمیر کیا گیاہے اور ملک میں بلند ترین مستقل پُل ہے ۔ اپنے خطاب میں انھوں نے کہاکہ دستور ہند کی دفعہ 370 اور دفعہ 35/A کی تنسیخ کے بعد علاقہ لداخ واحد علاقہ ہے جہاں ہمارے دوست پائے جاتے ہیں ۔ یہاں ہمارے کسی دشمن کا وجود ناممکن ہے ۔ تاہم ہمارا پڑوسی پاکستان اور اُس کی مسلح افواج نے کبھی بھی پڑوسی ملک کے عدم استحکام سے دوچار ہونے کی پرواہ نہیں کی ، وہ صرف پاکستانی جانب کشیدگی کو پیش نظر رکھتے ہیں۔ ہم نے پہلے کبھی فائرنگ شروع نہیں کی لیکن دہشت گرد سرگرمیوں کی کوششوں کی سرپرستی کی گئی اور ہم کو کمزور اور ہندوستان کی یکجہتی پر سمجھوتہ کرنے والا سمجھا گیا ۔ ہندوستانی فوج نے اُنھیں منہ توڑ جواب دیا ہے ۔ اُن کا بیان ایک ایسے وقت منظرعام پر آیا ہے جبکہ سربراہ فوج جنرل بپن راوت نے کہاتھا کہ تین دہشت گرد کیمپ ہندوستانی فوج نے بلااشتعال جنگ بندی کی خلاف ورزی پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے تنگدھر سیکٹر میں جو جموں میں واقع ہے ہندوستانی فوج نے منہ توڑ جواب دیا ۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ اگر وہ دراندازی ترک نہ کریں تو ہماری مسلح افواج اُس وقت تک جب تک کہ وہ ایسی سرگرمیاں ترک نہ کردیں منہ توڑ جواب دینا جاری رکھے گی ۔ یہ پُل بارڈر روڈ آرگنائزیشن نے دربوک اور دولت بیگ گڈی کے درمیان تعمیر کیا ہے اور چین سے متصل خطہ قبضہ سے تقریباً 45 کیلومیٹر کے فاصلے تک گذرتا ہے ۔ سربراہ فوج جنرل بپن راوت ، سربراہ فوج ناردن کمانڈ لیفٹننٹ جنرل رنبیر سنگھ ، لداخ کے رُکن پارلیمنٹ جام یانگ افرنگ نامگیال اور دیگر سینئر عہدیدار اس موقع پر موجود تھے ۔ پُل کو آنجہانی کرنل چیوانگ رنچن کے نام سے موسوم کیا گیاہے۔