دربھنگہ اور پٹنہ میں این آئی اے اور اے ٹی ایس کے دھاوے

,

   

پیپلز فرنٹ آف انڈیاسے روابط کے الزام میں ایک نوجوان گرفتار و رہا

پٹنہ؍دربھنگہ: این آئی اے اور اے ٹی ایس کی ٹیمیں آج علی الصبح سے بہار کے دارالحکومت پٹنہ اور دربھنگہ میں مشترکہ دھاوے کئے۔ اطلاعات کے مطابق این آئی اے اور اے ٹی ایس کی ٹیم پی ایف آئی سے متعلق معاملے میں چھاپہ مارنے کیلئے پٹنہ کے پھلواری شریف اور دربھنگہ کے بیہڑا تھانہ علاقے پہنچی ہے۔ این آئی اے کی ٹیم دربھنگہ کے بیہڑا تھانہ علاقے کے تحت گائوں غازی یانہ اور چھوٹکی بازار میں چھاپے مار رہی ہے۔ اس دوران این آئی اے نے ایک مشتبہ نوجوان کو بھی گرفتار کیا ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ نوجوان کو پی ایف آئی سے متعلق ایک معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے۔نوجوان پٹنہ کے ایک مدرسے میں پڑھا کرتے تھے۔ وہ عربی زبان کے ترجمے کے ماہر ہیں۔ نوجوانوں کے آئی ایس آئی سے مبینہ رابطے کا لنک بھی این آئی اے کو ملا ہے۔ ایس ایس پی اوکاش کمار نے بھی اس کی تصدیق کی ہے۔ تاہم پوچھ گچھ کے بعد این آئی اے کی ٹیم نے پی آر بانڈ بھرنے کے بعد نوجوان کو رہا کردیا۔ وہیں این آئی اے اور اے ٹی ایس کی ٹیم پٹنہ پولیس کے ساتھ مل کر محمد ریاض الدین قاسمی کے مقام پر پھلواری شریف امارت شرعیہ کے سامنے واقع کتابوں کے اسٹال پر چھاپہ مارا۔ ذرائع کے مطابق ٹیم رات 2 بجے یہاں پہنچی لیکن اس کو کچھ ٹھوس ثبوت نہیں ملا ہے۔ معلوم ہوکہ این آئی اے کے پھلواری شریف پٹنہ پولیس اسٹیشن کیس نمبر 1 میں مطلوب ملزم ممتاز انصاری ہے۔ جانکاری کے مطابق ممتاز انصاری سے ملے ان پٹ کی بنیاد پر این آئی اے اور اے ٹی ایس کی ٹیم چھاپہ مارنے پٹنہ اور دربھنگہ پہنچی ہے۔ممتاز انصاری بہار کے مشرقی چمپارن ضلع کے مہسی تھانہ علاقے کا رہنے والا ہے، وہ بہار سے فرار ہو کر تامل ناڈو تریوالور میں پنار نامی کمپنی میں اپنی شناخت بدل کر کام کر رہا تھا۔ معلومات کے مطابق بہار اے ٹی ایس ممتاز انصاری کی مجرمانہ ریکارڈ کی تفتیش کر رہی ہے۔ممتاز انصاری کیخلاف بہار کے کس تھانے میں مقدمہ درج ہے، اس کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔