نئی دہلی : ملک بھر میں گرمی میں اضافہ ہو رہا ہے اور لوگوں کو گرمی محسوس ہونے لگی ہے۔ دریں اثنا، مرکزی وزارت صحت کے سکریٹری راجیش بھوشن نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو گرمی سے ہونے والی بیماریوں کے بارے میں الرٹ کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق انہوں نے سب سے کہا ہے کہ وہ نیشنل ایکشن پلان پر توجہ دیں۔خیال رہے کہ ملک میں بعض مقامات پر درجہ حرارت پہلے ہی بہت زیادہ ہو چکا ہے۔ ایسے میں گرمی سے ہونے والی بیماریاں بھی بڑھنے لگیں گی، اسی کو ذہن میں رکھتے ہوئے مرکز نے تمام ریاستوں کو الرٹ کر دیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ یکم مارچ 2023 سے تمام ریاستوں اور اضلاع میں موسمیاتی تبدیلی اور انسانی صحت کے قومی پروگرام (این پی سی سی ایچ ایچ) کے تحت گرمی سے متعلق بیماریوں کی روزانہ نگرانی انٹی گریٹڈ ہیلتھ انفارمیشن پلیٹ فارم (آئی ایچ آئی پی) پر کی جائے۔این پی سی سی ایچ ایچ، این سی ڈی سی، وزارت صحت اور خاندانی بہبود کی طرف سے ریاستوں کو بھیجے گئے اس خط میں گرمی کی لہر کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ تمام ریاستوں میں ضلع اور شہر کے محکمہ صحت کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ گرمی سے متعلق صحت کے ایکشن پلان کو دوبارہ نافذ کریں۔