درجہ حرارت میں گراوٹ ، موسمی تبدیلی ، وبائی امراض میں اضافہ

   

سردی ، نزلہ ، بخار اور دیگر امراض کی شکایت ، ڈاکٹرس سے رجوع ہونے کا مشورہ
حیدرآباد۔8 ۔ڈسمبر۔(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں موسمی تبدیلی وبائی امراض میں اضافہ کا سبب بننے لگی ہے۔ دونوں شہروں میں درجہ حرارت میں ریکارڈ کی جانے والی گراوٹ کے ساتھ ہی سردی ‘ نزلہ اور بخارکے علاوہ دیگر شکایات کے ساتھ مریض ڈاکٹرس سے رجوع ہونے لگے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ موسم کی تبدیلی کے اثرات کے سبب بچوں اور ضعیف العمر افراد میں موسمی امراض کی علامات پائی جانے لگی ہیں۔ڈاکٹرس کے مطابق پڑوسی ریاست میں طوفان کے نتیجہ میں شہر میں درجہ حرارت میں ریکارڈ کی گئی گراوٹ دراصل سردی کی لہر میں اضافہ کا سبب بن رہی ہے اور سردی کی لہر میں ہونے والے اضافہ کے نتیجہ میں وبائی امراض موسم کی تبدیلی کے سبب رونما ہوتے ہیں وہ نظر آنے لگے ہیں۔ ڈاکٹرس کا کہناہے کہ اگر سردی سے محفوظ رہتے ہوئے خود کو گرم رکھنے کے اقدامات کئے جاتے ہیںتو ایسی صورت میں گلے میں خراش‘ سردی ‘ کھانسی ‘ نزلہ اور زکام کے علاوہ بخار و دیگر امراض سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔ ماہر اطباء کے مطابق سردی کی لہر میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ کے سبب معمول کی بیماریوں کے علاوہ اعضاء شکنی ‘ جوڑوں میں درد کی شکایات ‘ تھکان اور دیگر امراض کا شکار مریض بھی ڈاکٹرس سے رجوع ہونے لگے ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ پھیپھڑوں کے عوارض کا شکار افراد بھی بلغم ‘ سانس لینے کی شکایت کے ساتھ اپنے ڈاکٹرس سے رجوع ہورہے ہیں۔ موسم سرما کے آغاز کے باوجود بھی دونوں شہروں میں گرمی کی شدت میں کمی رونما نہ ہونے کے سبب سرما کے آغاز کے ساتھ ہی شروع ہونے والی بیماریوں اور شکایات کا آغاز نہیں ہوا تھا لیکن اب جبکہ شہر میں اچانک درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کی گئی تو شہر کے ساتھ ساتھ نواحی علاقوں میں بھی سردی کی لہر محسوس کی جانے لگی ہے۔