والمیکی بویا طبقہ کو ایس ٹی طبقہ میں شمولیت کے لیے احتجاج کرنے پر زور : چندرا بابو
حیدرآباد ۔ 9 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : قومی صدر تلگو دیشم پارٹی و چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی و قائد اپوزیشن قانون ساز اسمبلی مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کو ہدف ملامت بنایا اور کہا کہ وہ خود کئی بے قاعدگیوں میں ملوث رہنے کی وجہ سے کیسیس کا سامنا کررہے ہیں اور عوام کے روبرو پہونچ کر اپنے آپ کو بے گناہ ہونے کا اظہار کر کے برسر اقتدار تلگو دیشم حکومت پر غلط و بے بنیاد الزامات عائد کر کے ریاست کے عوام کو گمراہ کررہے ہیں ۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے آج پارٹی قائدین کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے ملک اور ریاست کے موجودہ تازہ ترین حالات سے واقف کروایا اور پارٹی قائدین سے کہا کہ درحقیقت مسٹر جگن ہی ’ کرپشن چکرورتی ‘ ہیں ۔ اور ان کی وجہ سے کئی افراد کو جیل جانا پڑا ۔ صدر تلگو دیشم پارٹی مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے پارٹی قائدین کو ہدایت دی کہ وہ مسٹر جگن موہن ریڈی کی حقیقت سے عوام کو واقف کروائیں علاوہ ازیں اس بات کی بھی ہدایت دی کہ وہ عوام کو اس بات سے واقف کروائیں کے ’ بابو باٹا ۔ بنگارو باٹا ‘ ( بابو کا راستہ ۔ سنہرا راستہ ) ’ جگن باٹا ۔ جیل باٹا ‘ ( جگن کا راستہ ۔ جیل کا راستہ ) ہوگا ۔ تحفظات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر تحفظات ( اعلیٰ ذات کے کمزور طبقات کے لیے ) بہتر ہوں تو اس کا خیر مقدم کیا جائے گا اور درج فہرست اقوام و قبائلی طبقات کو فراہم کردہ تحفظات میں کمی کر کے نئے تحفظات کو ہرگز برداشت نہ کرنے کا سخت انتباہ دیا اور کہا کہ ان اقدامات کے خلاف بڑے پیمانے پر جدوجہد بھی منظم کرنے سے گریز نہیں کیا جائے گا ۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے پارٹی قائدین سے کاپو طبقات کو تحفظات فراہم کرنے اور والمیکی بویا افراد کو ایس ٹی طبقہ میں شامل کرنے کا بڑے پیمانے پر مطالبہ کرنے کی خواہش کی ۔۔