درختوں کا تحفظ نہ کرنے کے سبب قدرتی وسائل کی تباہی

   

ماحولیاتی آلودگی کے مسائل سے محفوظ رہنے پودوں کی حفاظت کرنے شہریوں سے ٹی ہریش راؤ کی اپیل
حیدرآباد۔30جولائی (سیاست نیوز) درختوں کا تحفظ نہ کرتے ہوئے شہری قدرتی وسائل کی تباہی کے مرتکب بن رہے ہیں اور اگر درختوں کا تحفظ نہ کیا جائے گا تو کتنی ہی شجرکاری مہم چلائی جائے اس سے کچھ حاصل نہیں ہوگا کیونکہ شجرکاری مہم کے بعد اگر درختوں کو کاٹا جاتا ہے توایسی صورت میں اس کے کوئی فائدے حاصل نہیں ہوں گے۔ رکن اسمبلی سدی پیٹ مسٹر ٹی ہریش راؤ نے تلنگانہ کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ شجرکاری کے ساتھ شجرکاری کی حفاظت بھی یقینی بنانے کے اقدامات کریں کیونکہ درختوں کی حفاظت ہی ماحولیات کی حفاظت کا سبب بنے گی ۔مسٹر ہریش راؤ نے کہا کہ ماحولیات کے تحفظ کے علاوہ موسمی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ رہنے کے لئے ضروری ہے کہ زیادہ سے زیادہ شجرکاری کی جائے اور درختوں کے تحفظ کو ممکن بنانے کے اقدامات کئے جائیں۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاست کے شہری علاقو ںمیں جو ماحولیاتی آلودگی کے مسائل پیدا ہورہے ہیں ان سے دیہی علاقوں اور مواضعات کو محفوظ رکھنے کیلئے دیہی عوام کو چاہئے کہ وہ اپنی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے برسو ں پرانے درختوں کی بھی حفاظت یقینی بنائیںاور انہیں کاٹنے سے روکا جائے ۔ سابق ریاستی وزیر و رکن اسمبلی مسٹر ہریش راؤ نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ہریتا ہرم پروگرام کے ذریعہ ریاست بھر میں شجرکاری مہم کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور کھلے مقامات پر چھوٹے چھوٹے جنگلات کے فروغ کے سلسلہ میں کام کیا جا رہاہے لیکن حکومت کی جانب سے کی جانے والی ان کوششوں کو اس وقت ہی کامیاب بنایا جا سکتا ہے کہ جب عوام میں شجرکاری اور درختوں کے تحفظ اور ان کی اہمیت کے متعلق شعور موجود ہو۔مسٹر ہریش راؤ نے شجرکاری کرنے والوں پر زور دیا کہ وہ بچوں میں درختوں کی اہمیت اور افادیت کے متعلق شعور اجاگر کریں اور انہیں شجرکاری میں دلچسپی پیدا کرنے کے لئے شوق اجاگر کریں ۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاست میں ہریتا ہرم پروگرام کی کامیابی صرف شجرکاری کانشانہ تکمیل کرنے سے نہیں ہوگی بلکہ اس پروگرام کو عملی جامہ پہناتے ہوئے لگائے گئے پودوں کو تحفظ فراہم کرنا لازمی ہوگا اسی لئے عوام کو بھی اپنے طور درختوں کی نگرانی کی ذمہ داری قبول کرنی چاہئے تاکہ ان درختوں کی حفاظت کے ذریعہ ماحول کو آلودگی سے پاک بناتے ہوئے صاف ستھری آب و ہوا کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ مسٹر ہریش راؤ نے بتایا کہ شہری علاقوں کو جن مسائل کا سامنا ہے ان مسائل سے دیہی علاقوں کو محفوظ رکھا جا سکتا ہے لیکن اس کے لئے دیہی عوام میں بھی شجرکاری اور درختوں کی حفاظت کے سلسلہ میں شعور اجاگر کیا جانا ناگزیر ہے۔