درسگاہ جہاد و شہادت کے پانچ ارکان جیل منتقل

   

حیدرآباد ۔ 13نومبر ( سیاست نیوز) بابری مسجد اراضی تنازعہ کے سپریم کورٹ فیصلہ کے خلاف پریس کانفرنس منعقد کرنے کی کوشش کرنے والے درسگاہ جہاد و شہادت کے پانچ ارکان کو پویس نے عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل منتقل کردیا ۔ منگل کی دوپہر صدر ڈی جے ایس محمد عبدالماجد ، صلاح الدین عفان ، محمد بن عمر ، محمد حامد اور سید وسیم کو مغلپورہ پولیس نے اُس وقت حراست میں لیا تھا جب وہ بابری مسجد فیصلہ کے خلاف پریس کانفرنس منعقد کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ شام تک انہیں مختلف پولیس اسٹیشنس میں محروس رکھنے کے بعد مغلپورہ پولیس نے مذکورہ پانچ ڈی جے ایس ارکان کے خلاف مجرمانہ سازش اور اشتعال انگیزی تعزیرات ہند کے دیگر دفعات کے تحت ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے انہیں رات دیر گئے مجسٹریٹ کے مکان پر پیش کیا گیا ۔عدالت نے گرفتار ڈی جے ایس صدر اور دیگر کارکنوں کو 14 دن کی عدالتی تحویل میں دے دیا ۔ ڈی جے ایس کے سابق صدر شیخ محبوب علی کے فرزند شیخ سیف اللہ خالد نے کہا کہ پولیس ڈی جے ایس کارکنوں کو بیجا مقدمات میں ماخوذ کیا ہے اور جمہوری آزادی چھینی جارہی ہے ۔