دمشق : 4 جون ( ایجنسیز ) شام کی وزارت خارجہ نے جنوبی صوبہ درعا پر اسرائیلی توپ خانہ کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ‘کافی جانی و مالی نقصان’ ہوا ہے۔یہ گولہ باری ایسے وقت میں کی گئی ہے جب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ شام سے اسرائیل کے زیر قبضہ گولان کی پہاڑیوں کی جانب دو میزائل داغے گئے ہیں۔سانا کے مطابق اسرائیلی توپ خانہ نے مغربی درعا میں یرموک بیسن کے علاقے کو نشانہ بنایا۔ ایجنسی نے ہلاکتوں کی وضاحت نہیں کی لیکن نقصان کو وسیع قرار دیا ہے۔اسرائیل کے چینل 13 نے تصدیق کی ہے کہ مبینہ راکٹ فائر کے بعد مقبوضہ گولان کی پہاڑیوں پر فضائی حملے کے سائرن فعال کردیے گئے ہیں تاہم کسی کے زخمی یا نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ اسرائیلی براڈکاسٹنگ اتھارٹی (کے اے این) کا کہنا ہے کہ میزائل کھلے علاقوں میں گرے اور ان کی اصل یت واضح نہیں ہے۔ایک مختصر بیان میں اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس کے توپ خانے نے “اسرائیلی علاقے کی طرف داغے جانے والے میزائلوں کے بعد جنوبی شام میں حملہ کیا”۔ دمشق نے ابھی تک ان دعووں پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا ہے۔