درندہ صفت باپ کے ہاتھوں کمسن بچہ کا قتل

   

نعش کو موسیٰ ندی میں پھینکنے کا اعتراف
حیدرآباد 14 ستمبر (سیاست نیوز) بنڈلہ گوڑہ میں درندہ صفت باپ نے اپنے 3 سالہ بیمار بیٹے کا قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق محمد اکبر 35 سالہ ساکن نوری نگر بنڈلہ گوڑہ جو سبزی فروش بتایا گیا، اپنی بیوی ثناء بیگم جو نیلوفر دواخانہ میں کیرٹیکر کی حیثیت سے کام کرتی ہے، ان کو دو بیٹے ہیں۔ چھوٹا بیٹا 3 سالہ محمد انس کچھ عرصہ سے بیمار تھا جس کی وجہ سے میاں بیوی میں جھگڑے ہورہے تھے۔ جمعہ کی رات دونوں میں بحث ہوئی جس کے بعد ثناء بیگم ڈیوٹی پر چلی گئی۔ ہفتہ کی صبح اکبر نے 3 سالہ بیٹے محمد انس کا تکیہ سے گلا گھونٹ کر قتل کردیا اور نعش کو تھیلے میں باندھ کر نیاپل لے گیا اور موسیٰ ندی میں پھینک دیا۔ پولیس میں بیٹے کی گمشدگی کی شکایت درج کرائی۔ پولیس کو اکبر پر شک ہوا اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی جس میں پولیس نے دیکھا کہ وہ تھیلے میں کچھ لیجارہا تھا پولیس نے اسے حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی اور اس نے جرم کا اعتراف کرلیا۔ پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرکے بچے کی نعش کو موسیٰ ندی میں تلاش کرنا شروع کردیا۔ (ش)