دروپدی مرمو 15 ویں صدرجمہوریہ ہند منتخب

,

   

اولین قبائیلی صدر بننے کا اعزاز ۔ یشونت سنہا کو شکست
نئی دہلی : این ڈی اے کی صدارتی امیدوارہ دروپدی مرمو آج جمعرات کو ہندوستان کی 15 ویں صدرجمہوریہ منتخب ہوگئیں ۔ 64 سالہ مرمو کو اولین قبائیلی صدر بننے کا اعزاز حاصل ہوا ہے ۔ انہوں نے زائد از 64 فیصد قابل قبول ووٹ حاصل کئے ۔ ووٹوں کی گنتی کا عمل 10 گھنٹے سے زیادہ چلا جس میں ایم پیز اور ایم ایل ایز کے بیالٹس کی رائے شماری کی گئی ۔ اس عمل کے اختتام پر ریٹرننگ آفیسر پی سی مودی نے دروپدی مرمو کو فاتح قرار دیا جنہیں 6,76,803 ووٹ حاصل ہوئے جبکہ اپوزیشن امیدوار یشونت سنہا کو 3,80,177 ووٹ ملے ۔ دروپدی مرمو صدارتی عہدہ پر رامناتھ کووند کی جانشین بنی ہے ۔وزیراعظم نریندر مودی نے صدارتی انتخاب کے اعلان کے تھوڑی دیر بعد تین مورتی مارگ پہنچ کر منتخب صدرجمہوریہ دروپدی مرمو سے ملاقات کی اور انہیں مبارکباد پیش کی ۔ اس موقع پر صدر بی جے پی جگت پرکاش نڈا موجود تھے ۔ دروپدی مرمو پہلی آدی واسی اور دوسری خاتون ہیں جو قوم کی اولین شہری اور ہندوستان کے مسلح افواج کی سپریم کمانڈر بن گئی ہیں ۔ ماضی میں پرتبھا پاٹل صدرجمہوریہ تھیں ۔ مرمو 2000 اور 2004 ء میں اڈیشہ اسمبلی میں دو میعادوں کیلئے منتخب ہوئیں ۔ انہوں نے چیف منسٹر نوین پٹنائک کی بی جے ڈی ۔ بی جے پی مخلوط حکومت میں 2000 ء سے 2004 ء تک ریاستی وزیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیئے تھے ۔ 2015 ء میں وہ جھارکھنڈ کی پہلی خاتون گورنر بنی تھیں ۔ ملک اور بیرون ملک سے منتخب صدر مرمو کو مبارکبادی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔