درگاہوں، مساجد، عاشورخانوں، چھلہ اور دیگر موقوفہ جائیدادوں کی تفصیلات امید پورٹل پر درج کرنے کی اپیل

   

جائیدادوں کے تحفظ پر زور، انجمن سجادگان، متولیان و خدمت گذاران کا اجلاس، مولانا سید شاہ اکبر نظام الدین صابری کا خطاب
حیدرآباد۔25۔اکٹوبر(سیاست نیوز) اوقافی جائیدادوں اور موقوفہ ادارو ںکی تمام تفصیلات UMEEDپورٹل پر درج کروائی جائیں اور ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین صابری نیدرگاہ حضرت شاہ خاموش ؒمیں انجمن سجادگان و متولیان و خدمت گذاران کے زیر اہتمام منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ اس اجلاس میں مولانا سید شاہ حسن ابراہیم حسینی سجاد پاشاہ قادری سجادہ نشین درگاہ قادری چمن و رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ ‘ مولانا سید ابوالفتح بندگی پاشاہ قادری رکن تلنگانہ وقف بورڈ ‘ مولانا سید شاہ ظہیر الدین علی صوفی کے علاوہ جناب منیر الدین مختار‘ جناب ساجد پیرزادہ اور دیگر سجادگان و متولیان وذمہ داران انتظامی کمیٹی موجود تھے۔ مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین صابری نے بتایا کہ ملک بھر میں مرکزی حکومت کی جانب سے روشناس کروائے گئے اُمید پورٹل پر موقوفہ جائیدادوں اور اداروں کی تفصیلات کے اندراج کے ذریعہ ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس مہم کے سلسلہ میں تلنگانہ وقف بورڈ کی جانب سے بھی ہیلپ ڈیسک کا قیام عمل میں لاتے ہوئے رہنمائی کی جا رہی ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ انجمن سجادگان و متولیان کی جانب سے بھی سجادگان و متولیا ن کے علاوہ انتظامی کمیٹیوں کے ذمہ داران کی رہنمائی کے لئے اس اجلاس کا انعقاد عمل میں لایاگیا ہے جس میں وقف بورڈ کے عہدیدار کی نگرانی میں اُمید پورٹل پر اندراج کے طریقہ کار سے واقف کروایا گیا ہے ۔ درگاہ حضرت شاہ خاموش ؒ میں منعقد ہوئے اس تربیتی اجلاس کے دوران ریاست کے مختلف اضلاع سے درگاہوں کے ذمہ داروں اور انتظامی کمیٹیوں کے ذمہ داروں نے شرکت کرتے ہوئے اپنے اشکالات کے متعلق استفسار کئے ۔ اجلاس میں وقف بورڈ کے ذمہ دار جو تفصیلات کی فراہمی کے لئے موجود تھے نے پورٹل پر اندراجات کے سلسلہ میں درکار دستاویزات اور پورٹل پر رجسٹریشن کے متعلق تفصیلات فراہم کرتے ہوئے اُمید پورٹل پر جائیدادوں کی تفصیلات کے اندراج کے متعلق واقف کروایا ۔ مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین نے اجلاس کے دوران بتایا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے تیار کئے گئے اس پورٹل پر موقوفہ اداروں کے تحت موجود جائیدادوں کو درج کرواتے ہوئے انہیں محفوظ بنانے کے اقدامات کے لئے 5ڈسمبر تک کی مہلت دی گئی ہے اور آئندہ دیڑھ ماہ کے دوران تلنگانہ میں جنگی خطوط پر کاروائی کرتے ہوئے اس پورٹل پر اندراجات کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جانے چاہئے ۔ انہو ںنے بتایا کہ اجلاس کے انعقاد کا مقصد پورٹل پر جائیدادوں کی تفصیلات کے اندراج اور اس کے طریقہ کار سے واقف کروانا تھا۔ انہوں نے تمام درگاہوں‘ مساجد ‘ عاشور خانوں ‘ کے علاوہ چھلہ اور دیگر موقوفہ جائیدادوں کے ذمہ داروں سے اپیل کی کہ وہ اس سہولت سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے اپنے موقوفہ اداروں کی تمام تفصیلات درج کروائیں تاکہ بعد ازاں کسی بھی طرح کے تنازعات سے محفوظ رہ سکیں۔ مرکزی حکومت نے وقف ایکٹ میں ترمیم کے ذریعہ وقف قوانین 2025کو روشناس کرواتے ہوئے ملک بھر میں موجود تمام موقوفہ جائیدادوں کو اُمید پورٹل پر درج کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے اس نئے قانون کی مخالفت کرتے ہوئے ملک بھر میں تمام مسلمانوں سے اپیل کی تھی کہ وہ اُمید پورٹل کا بائیکاٹ کرتے ہوئے جائیدادوں کے اندراج سے اجتناب کریں لیکن سپریم کورٹ کی جانب سے عبوری احکام کی اجرائی اور اُمید پورٹل پر کسی بھی طرح کا حکم التواء جاری نہ کئے جانے کے بعد آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی جانب سے ملک بھر میں پورٹل پر اندراجات کو قبل از وقت مکمل کروانے کے سلسلہ میں رہنمائی اور شعور بیداری کا فیصلہ کرتے ہوئے موقوفہ جائیدادوں کے ذمہ داروں سے اپیل کی جارہی ہے کہ وہ 5ڈسمبر سے قبل اپنی جائیداد کی تمام تر تفصیلات اُمید پورٹل پر درج کروائیں۔3