اجمیر۔25 جنوری ۔( سیاست ڈاٹ کام ) راجستھان کے اجمیر میں واقع صوفی بزرگ حضرت خواجہ معین الدین چشتی خواجہ غریب نوازؒ کی درگاہ شریف کا انتظام سنبھالنے والی درگاہ کمیٹی کے صدر امین پٹھان نے مرکزی اقلیتی امور کے وزیر مختار عباس نقوی سے درگاہ میں بنیادی سہولیات اور انتظامات کے لئے پانچ کروڑ روپے کا مطالبہ کیا ہے ۔ پٹھان نے آج بتایا کہ انہوں نے کل نقوی سے ملاقات کر کے خواجہ غریب نوازؒ کے 808 ویں سالانہ عرس میں تشریف لانے کے لئے انہیں دعوت دی اور ان سے کہا کہ عرس کیلئے نہ تو درگاہ کمیٹی کے پاس بجٹ ہے اور نہ ہی ریاستی حکومت بجٹ مہیا کراتی ہے ۔ ایسے میں درگاہ کمیٹی کو لاکھوں زائرین کیلئے انتظامات کرنے میں دقتیں آتی ہیں۔ پٹھان نے مذکورہ باتوں سے متعلق وزیر نقوی کو خط بھی پیش کیا۔انہوں نے بتایا کہ نقوی نے ان کی بات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ہاتھوں ہاتھ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن سے ٹیلی فون پر بات کرکے درگاہ شریف کیلئے بجٹ مختص کرنے کی بات کہی۔ وزیر خزانہ سیتا رمن نے بھروسہ دلایا کہ درگاہ شریف کے لیے مستقل بنیادی ڈھانچہ تیار کرنے کے لئے خصوصی بجٹ جاری کیا جائے گا۔ پٹھان نے اُمید ظاہر کی کہ یہ بجٹ رقم اسی عرس میں دستیاب ہو جائے گی۔خیال رہے خواجہ غریب نوازؒ کا سالانہ عرس فروری میں 19 یا 20 فروری کو جھنڈے کی رسم کے ساتھ ساتھ غیررسمی طور پر شروع ہو جائے گا۔