اجمیر۔5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)پاکستان حکومت کی جانب سے راجستھان کے اجمیر میں خواجہ معین الدین چشتیؒ کی درگاہ پر جمعرات کو چادر پیش کر دی گئی ۔ عرس کے موقع پر پاکستانی زائرین کا قافلہ 28 فروری سے اجمیر میں ہی ہے اور یہاں حاضری لگانے آیا ہے ، لیکن سکیورٹی وجوہات سے صبح بڑے قل کی رسم کے بعد ضلع اور پولیس انتظامیہ نے سخت حفاظتی گھیرے میں پاک زائرین کو درگاہ شریف لے جاکر چادر پیش کرائی ۔پاک زائرین کا قافلہ پرانی منڈی میں واقع سینٹرل گرلز سکول سے اجمیر کی تنگ گلیوں سے ہوتا ہوا درگاہ شریف کے نظام گیٹ پہنچا ۔ چادرپیش کرنے جاتے وقت زائرئن نے پاکستان حکومت کی چادر کے ٹوکر ے کو اپنے سر پر رکھا تھا ۔ سب کے گلے میں شناختی کارڈ تھے ۔ چادر کیساتھ قافلہ پرانی منڈی سے امبھا مارکیٹ، گھی منڈی دروازے کی عقبی گلیوں سے ہوتا ہوا نکالا گیا اور درگاہ شریف پہنچا ۔ اس دوران تنگ گلیوں کو بھی مکمل طور خالی کرا لیا گیا ۔ درگاہ کے نظام گیٹ پر خادموں کی جانب سے غیر رسمی طور پر استقبال کیا گیا۔ بعد میں تمام استانے شریف پہنچے اور پاکستان حکومت کے ساتھ ہی خود کی طرف سے بھی مختلف چادریں بھی پیش کی گئی۔چا در پیش کرنے کے دوران بیمار تین پاکستانی رکن شامل نہیں ہو سکے ، لیکن بقیہ 208 ارکان نے چادر پیش کرکے دونوں ممالک میں امن چین، بھائی چارے ، امن و امان اور باہمی کشیدگی کم کرنے کیلئے دعا کی ۔