درگاہ بابا شرف الدینؒ کے ریمپ کی تعمیر کا معائنہ

   

صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کا دورہ، ناجائز قابضین کے خلاف کارروائی کا فیصلہ
حیدرآباد ۔11۔ فروری (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے ریونیو اور پولیس عہدیداروں کے ہمراہ درگاہ حضرت بابا شرف الدینؒ پہاڑی شریف کے ریمپ کی تعمیری کاموں کا جائزہ لیا۔ درگاہ بابا شرف الدین کے تحت سروے نمبر 99/1 کے تحت 2131.38 ایکر اور سروے نمبرات 90 ، 91 اور 92 کے تحت 58 ایکر 3 گنٹے وقف اراضی درج ہے۔ آندھراپردیش گزٹ نمبر 6-A مورخہ 9 فروری 1989 ء میں تفصیلات درج ہیں۔ حکومت نے ریمپ کی تعمیر کیلئے 19 کروڑ 16 لاکھ روپئے منظور کئے ہیں۔ محمد سلیم نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی خصوصی دلچسپی سے درگاہ کے ترقیاتی منصوبہ کو منظوری دی گئی ۔ انہوں نے درگاہ کی اراضی پر ناجائز قبضوں کا جائزہ لیا اور عہدیداروں کو تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ۔ ایک خانگی ایجوکیشنل سوسائٹی کو الاٹ کی گئی اراضی کے تخلیہ کی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ وقف بورڈ سے الاٹمنٹ کی مدت ختم ہوچکا ہے اور اسے تعلیمی اغراض کے بجائے خانگی طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ تمام ایسی اراضی جس پر ناجائز قابضین ہیں، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ناجائز قبضوں کی برخواستگی وقف بورڈ کی اولین ترجیح ہے ۔ محمد سلیم نے عاشور خانہ علی سعد اور درگاہ حضرت سیف نواز جنگؒ مامڑی پلی کا دورہ کرتے ہوئے اراضیات کا معائنہ کیا۔ اس کے تحت 718 ایکر اراضی موجود ہے۔ اراضی کا بیشتر حصہ ناجائز قابضین کے تحویل میں ہے۔ ہائی کورٹ اور وقف ٹریبونل میں بورڈ کی جانب سے قابضین کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ مقدمات کی عاجلانہ یکسوئی کے لئے سینئر کونسلس کی خدمات حاصل کی گئیں۔ محمد سلیم نے امید ظاہر کی کہ مذکورہ اراضی کے مقدمات میں وقف بورڈ کو کامیابی ملے گی۔ دورہ میں چیف اگزیکیٹیو آفیسر محمد قاسم کے علاوہ بورڈ کے دیگر عہدیدار موجود تھے۔