پہاڑی شریف اور مولا علی میں ریمپ کی تعمیر،ائمہ اور موذنین کے اعزازیہ کی جلد اجرائی، وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور کا اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔/30نومبر، ( سیاست نیوز) وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کے ترقیاتی کام اور انیس الغرباء کے تعمیری کاموں کے علاوہ تاریخی مکہ مسجد کے مرمتی کاموں کو جنگی خطوط پر مکمل کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کوکا پیٹ میں کرسچن بھون کی تعمیر میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے عہدیداروں کو متحرک ہونے کا مشورہ دیا۔ وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے وزیر سیول سپلائیز جی کملاکر، صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم، حکومت کے مشیر اے کے خاں، سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود و چیف ایگزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ شاہنواز قاسم اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس میں مختلف پراجکٹس کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے درگاہ حضرت جہانگیر پیراں ؒ کے ترقیاتی منصوبہ کو 50 کروڑ کے صرفہ سے تکمیل کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے ترقیاتی کاموں کے علاوہ زائرین کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں منصوبہ کا جائزہ لیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اراضی کے حصول میں دشواریوں کے سبب ترقیاتی کام شروع نہیں کئے جاسکے۔ وزیر اقلیتی بہبود نے اس مسئلہ پر ضلع کلکٹر سے فون پر بات چیت کی اور اراضی کے حصول کا کام جلد مکمل کرنے اور متاثرین کو معاوضہ کی ادائیگی کی ہدایت دی۔ بتایا جاتا ہے کہ توسیع کے سلسلہ میں جن اراضیات کی نشاندہی کی گئی ان کے مالکین اراضی حوالے کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ کلکٹر رنگاریڈی اموئے کمار اور ریوینو عہدیداروں سے کہا گیا کہ وہ اراضی مالکین کو طلب کرتے ہوئے بات چیت کریں۔ انہوں نے کہا کہ اراضی کے حصول کا عمل جلد مکمل کرتے ہوئے تعمیری کام کا آغاز کیا جائے۔ وزیر اقلیتی بہبود نے انیس الغرباء کامپلکس کے تعمیری کاموں میں تیزی پیدا کرنے کی ہدایت دی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ گراؤنڈ فلورکا کام مکمل ہوچکا ہے اور ملگیات کو کرایہ پر دیا جاسکتا ہے۔ اس سلسلہ میں موجود کمیٹی کو ملگیات کرایہ پر دینے کے اقدامات کا مشورہ دیا گیا۔ وزیر اقلیتی بہبود نے کہا کہ انیس الغرباء یتیم خانہ کے بچوں کو جلد از جلد نئی عمارت میں منتقل کرتے ہوئے رہائش کا انتظام کیا جائے۔ وزیر اقلیتی بہبود نے تاریخی مکہ مسجد کے مرمتی اور تزئین نو کے کاموں کی سست رفتاری پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ اس سلسلہ میں آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے عہدیداروں سے وضاحت طلب کی گئی۔ حکومت کی جانب سے بجٹ کی منظوری کے باوجود تعمیری کاموں میں تاخیر افسوسناک ہے۔ رمضان المبارک سے قبل تعمیری کام مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔ وزیر اقلیتی بہبود نے حیدرآباد میں 11 اوقافی جائیدادوں کو ترقی کیلئے لیز پر دیئے جانے سے متعلق امور کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ای ٹنڈرس سسٹم کے ذریعہ اوقافی جائیدادوں کو ڈیولپمنٹ کیلئے الاٹ کیا جائے۔ ائمہ اور موذنین کے ماہانہ اعزازیہ کے بقایا جات جاری کرنے کی وقف بورڈ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی۔ کوکا پیٹ میں کرسچن بھون کی تعمیر کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔ بی سی ویلفیر کے عہدیداروں کے ساتھ دونوں وزراء نے اس معاملہ کا جائزہ لیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اراضی کے سلسلہ میں ہائی کورٹ میں مقدمہ زیر دوران ہے۔ مقدمہ واپس لینے کیلئے درخواست گذاروں کو راضی کیا جارہا ہے۔ اجلاس میں پہاڑی شریف حضرت بابا شرف الدین ؒ کی درگاہ جانے کیلئے زائرین کو ریمپ کی تعمیر کی پیشرفت سے واقف کرایا گیا۔ اس کے علاوہ مولا علی میں بھی ریمپ کی تعمیر کو منظوری دی گئی ہے۔ وزیر اقلیتی بہبود نے تمام ترقیاتی کاموں کی عاجلانہ تکمیل کی ہدایت دی۔ر