درگاہ جہانگیر پیراںکی ترقی اور انیس الغرباء کامپلکس پر جائزہ اجلاس

   

اوپن آکشن کے ذریعہ ملگیات کا الاٹمنٹ، ریاستی وزیر کے ایشور، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کی شرکت
حیدرآباد: وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے درگاہ حضرت جہانگیر پیراں کے ترقیاتی کاموں اور انیس الغرباء کامپلکس نامپلی کی تعمیر کے سلسلہ میں اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم کے علاوہ حکومت کے مشیر اے کے خاں ، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم ، سکریٹری اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ اور دیگر عہدیدار اجلاس میں شریک تھے ۔ حکومت نے درگاہ حضرت جہانگیر پیراں کی ترقی کیلئے 50 کروڑ روپئے کی منظوری دی ہے اور توسیعی پراجکٹ کیلئے اراضی کے حصول میں عہدیداروں کو بعض دشواریوں کا سامنا ہے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اراضی کے حصول کے علاوہ موجودہ دکانداروں کی بازآبادکاری کا منصوبہ تیار کیا گیا۔ ترقیاتی پراجکٹ جلد شروع کرنے کیلئے کلکٹر رنگا ریڈی کو ہدایت دی گئی۔ ایڈیشنل کلکٹر جو لینڈ اکویزیشن کے انچارج ہیں، ہدایت دی گئی ہے کہ مقامی پنچایت سے بات چیت کرتے ہوئے درکار اراضی حاصل کریں۔ چیف منسٹر کے سی آر نے درگاہ حضرت جہانگیر پیراں کے دورہ کے موقع پر ترقیاتی کاموں کا اعلان کیا تھا ۔ زائرین کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کے علاوہ نئی تعمیرات کا منصوبہ ہے۔ اجلاس میں انیس الغرباء کامپلکس کے تعمیری کاموں کی عاجلانہ تکمیل کا فیصلہ کیا گیا ۔ کامپلکس میں ملگیات اور دیگر تجارتی حصہ کو اوپن آکشن کے ذریعہ الاٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے تجویز پیش کی کہ وقف بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کیلئے ملگیات اور تجارتی حصہ کو آکشن کے ذریعہ الاٹ کیا جانا چاہئے ۔ محمد سلیم نے اوقافی جائیدادوں کی ترقی کیلئے حکومت سے تعاون کی خواہش کی اور کہا کہ چیف منسٹر نے اوقافی جائیدادوں کے رجسٹریشن پر پابندی عائد کرتے ہوئے تاریخی فیصلہ کیا ہے۔