عزیز پاشاہ کی قیادت میں حج ہاؤز پر دھرنا، احتجاجیوں کی گرفتاری
حیدرآباد۔11 ۔ فروری (سیاست نیوز) درگاہ حضرت حسین شاہ ولیؒ کی اوقافی اراضی کے تحفظ میں وقف بورڈ کی ناکامی کے خلاف آج دھرنا منظم کیا گیا ۔ سی پی آئی کے سابق رکن راجیہ سبھا اور آل انڈیا تنظیم انصاف کے صدر سید عزیز پاشاہ کی قیادت میں وقف بورڈ کے دفتر حج ہاؤز کے روبرو دھرنا منظم کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے فیصلہ کے خلاف ریویو پٹیشن دائر کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ احتجاجیوں نے نعرہ بازی کرتے ہوئے کے سی آر حکومت پر اوقافی جائیدادوں کو تباہ کرنے کا الزام عائد کیا۔ درگاہ حضرت حسین شاہ ولیؒ کی اراضی کے تحفظ کے سلسلہ میں وقف بورڈ کی جانب سے موثر پیروی نہیں کی گئی۔ عزیز پاشاہ نے کہا کہ نامور وکلاء کے ذریعہ سپریم کورٹ میں فوری طور پر ریویو پٹیشن دائر کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے درگاہ حضرت حسین شاہ ولیؒ پر حکومت کے دعوے سے دستبرداری اور اراضی کو وقف بورڈ کے حوالے کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن وہ وعدہ کو پورا کرنے میں ناکام ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کو اراضی کے تحفظ کے لئے سنجیدہ اقدامات سے روک دیا گیا تاکہ عدالت کا فیصلہ حکومت کے حق میں آئے۔ انہوں نے کہا کہ تمام دستاویزات کی موجودگی کے باوجود سپریم کورٹ میں حکومت کے حق میں فیصلہ باعث حیرت ہے۔ انہوں نے ریاست کی تمام دیگراوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے لئے اقدامات کی مانگ کی۔ پولیس نے احتجاجیوں کو حراست میں لے لیا اور بیگم بازار پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔ دھرنے میں حصہ لینے والے قائدین میں عثمان الہاجری ، سی پی آئی سٹی سکریٹری ای ٹی نرسمہا ، حامد حسین شطاری ، کانگریس ترجمان نظام الدین ، کانگریس قائدین عثمان محمد خاں ، راشد خاں ، اشفاق خاں ، محمد سراج خاں اور یوتھ کانگریس کارکن اور تلگو دیشم کارکنوں نے شرکت کی ۔ وقف اراضیات کے تحفظ کیلئے سرگرم جہد کار بھی احتجاج میں شریک ہوئے۔ ر