درگاہ حضرات یوسفینؒ کے متاثرہ تاجرین کو عنقریب متبادل جگہ کی فراہمی

   

صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کا دورہ، متاثرین سے ملاقات، قبور کے احترام کی ہدایت
حیدرآباد: صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے آج درگاہ حضرات یوسفینؒ کے احاطہ میں آتشزدگی سے متاثرہ تاجرین سے ملاقات کی اور انہیں اندرون دو یوم متبادل جگہ فراہم کرنے کا تیقن دیا۔ حالیہ دنوں میں آتشزدگی کے واقعہ میں تقریباً 20 دکانات کو نقصان پہنچا تھا ۔ یہ دکانات درگاہ شریف سے متصل قبرستان میں قائم کی گئی تھیں اور کئی دکانات کے تحت قبور موجود تھے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے آتشزدگی کے بعد دورہ کرتے ہوئے واضح کردیا تھا کہ قبور پر دکانات لگانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے درگاہ شریف کے احاطہ میں کسی موزوں مقام پر جگہ فراہم کرنے کا تیقن دیا تھا ۔ متاثرین کی نمائندگی کے بعد محمد سلیم نے آج عہدیداروں کے ہمراہ دورہ کیا ۔ دورہ سے قبل محمد سلیم نے بارگاہ حضرات یوسفینؒ میں حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی ۔ انہوں نے متاثرین سے بات چیت اور کہا کہ گزشتہ چار برسوں سے وقف بورڈ دکانات کا کرایہ وصول نہیں کر رہا ہے کیونکہ یہ دکانات قبور پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درگاہ یوسفینؒ کو ملک کے مختلف علاقوں سے زائرین عقیدت و احترام کے ساتھ حاضری دیتے ہیں۔ قبرستان کا تحفظ اور قبور کا احترام کرنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دکانداروں کو چاہئے کہ وہ قبرستان میں موجود اپنی دکانات کو فوری منتقل کردیں۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کے عہدیداروںکی ٹیم بہت جلد علاقہ کا دورہ کرتے ہوئے مناسب جگہ کی نشاندہی کرے گی اور وہاں کاروبار کی اجازت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تاجرین کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ وقف بورڈ کاروبار سے محروم نہیں کرے گا بلکہ متبادل جگہ فراہم کرتے ہوئے باقاعدہ روزگار فراہم کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت حکومت سیکولر اور غریب پرور ہے۔ غریبوں کو کاروبار سے بیدخل کرنا حکومت کا مقصد نہیں ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ درگاہ شریف میں متبادل جگہ پر پیر سے کاروبار کا آغاز کیا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ درگاہ شریف کے احاطہ میں لنگر کا دوبارہ آغاز کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ وضو خانے اور طہارت خانوں کی تعمیر کیلئے وقف بورڈ کے اجلاس میں بجٹ منظور کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے فوری بعد تعمیری کاموں کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے درگاہ یوسفینؒ کے اطراف پارکنگ کے انتظامات کرنے کا تیقن دیا۔ صدرنشین وقف بورڈ کے ہمراہ پولیس اور وقف بورڈ کے عہدیدار موجود تھے ۔