مقامی افراد کی وقف بورڈ سے نمائندگی
حیدرآباد ۔ 18 ۔ نومبر (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ پھسل بنڈہ سے تعلق رکھنے والے مقامی افراد نے وقف بورڈ سے شکایت کی ہے کہ درگاہ حضرت برہنہ شاہ قبلہؒ کی انتظامی کمیٹی اپنے فرائض کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے ۔ مقامی افراد عابد نور خاں ، محمد عبداللہ ، شیخ منان ، محمد معز الدین ، محمد امتیاز ، محمد عابد اور دوسروں نے اس سلسلہ میں ایک یادداشت چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ اور صدرنشین وقف بورڈ کو پیش کی ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ بورڈ نے جنوری 2019 ء میں جو انتظامی کمیٹی تشکیل دی ، اس کمیٹی میں غیر مقامی افراد کو شامل کیا گیا جنہیں مقامی مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ درگاہ کے لئے وقف کردہ مدرسہ کو فروخت کردیا گیا ہے۔ اور مقامی افراد کی عدم موجودگی کے سبب مسجد میں پنج وقتہ نمازوں کی ادائیگی نہیں ہو پارہی ہے ۔ خاص طور پر فجر کے وقت مسجد کو بند رکھا جاتا ہے ۔ انہوں نے شکایت کی کہ درگاہ شریف میں بہتر سہولتوں کی کمی کے سبب زا ئرین کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ یادداشت میں موجودہ کمیٹی کو تحلیل کرتے ہوئے مقامی افراد پر مشتمل کمیٹی کی تشکیل کی درخواست کی گئی۔ مقامی افراد نے شکایت کی کہ انتظامات میں کوتاہیوں کے سلسلہ میں وقف بورڈ سے بارہا نمائندگی کی گئی لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔