سری نگر: وادی کشمیر کے درگاہوں، خانقاہوں اور امام بارگاہوں میں جمعہکو معراج عالم کی مناسبت سے روح پرور تقاریب کا انعقاد کیا گیا جن میں لاکھوں کی تعداد میں فرزندان توحید نے شمولیت کی۔اس سلسلے میں سب سے بڑی تقریب درگاہ حضرت بل میں منعقد کی گئی جہاں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد لوگ موئے مقدس (ص)کے دیدار سے مستفیض ہوئے ۔ وادی کی مساجد، زیارت گاہوں اور خانقاہوں میں رات بھر جاری رہنے والی پرنور اور پروقار شب خوانی کی تقریبات میں لاکھوں کی تعداد میں عاشقان رسول (ص) وعظ و تبلیغ، درودواذکار ، ختمات المعظمات اور نعت و منقبت میں محو رہے ۔ اس دن کی مناسبت سے سب سے بڑی تقریب شہرہ آفاق جھیل ڈ ل کے کناروں پر واقع آثار شریف درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوئی جہاں وادی کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے عاشقان رسول (ص) نے شب خوانی کی روح پرور مجالس میں حصہ لیا۔درگاہ حضرت بل میں عاشقان رسول (ص) موئے مقدس کے دیدار سے بھی فیضیاب ہوئے ۔ درگاہ حضرت بل میں لاکھوں فرزندان توحید نے باجماعت نماز جمعہ ادا کی اور بعد میں موئے پاک کا دیدار کیا۔درگاہ حضرت بل میں فرزندان توحید کی تعداد کا اس بات سے بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا تھا کہ یونیورسٹی کے مین گیٹ تک تل دھرنے کی بھی جگہ نہیں تھی