سری نگر، 3 ستمبر(یو این آئی) وادی کشمیر کے عظیم روحانی مرکز آثار شریف درگاہ حضرت بل کی تجدید و آرائش کا کام مکمل ہونے کے بعد آج اسے باضابطہ طور پر زائرین کے لیے کھول دیا گیا۔ افتتاحی موقع پر ہزاروں عقیدت مندوں نے درگاہ کا رخ کیا، جہاں روح پرور اور رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے ۔ جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن درخشاں اندرابی بھی اس موقع پر موجود رہیں اور درگاہ کے اندرونی حصوں میں کی گئی تزئین و آرائش کا جائزہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ درگاہ حضرت بل کا تقدس اور اس کی روحانی فضا ہمیشہ عقیدت مندوں کے دلوں کو سکون بخشتی ہے اور وقف بورڈ نے اس مقدس مقام کی خوبصورتی اور تقدس میں مزید اضافہ کرنے کی کوشش کی ہے ۔ وقف بورڈ کے مطابق گزشتہ ایک برس سے درگاہ حضرت بل کے اندرونی و بیرونی حصوں میں باریک بینی کے ساتھ آرائش اور زیبائش کا کام جاری تھا۔ اس دوران نہ صرف لکڑی پر نفیس فنکارانہ نقش نگاری کی گئی بلکہ درگاہ کے اندرونی حصوں کو روایتی کشمیری فن تعمیر کے مطابق سجایا گیا۔ ماہرین فنون کا کہنا ہے کہ اس کام نے درگاہ کے حسن کو ایک نئی شان بخشی ہے۔ زائرین نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب وقف بورڈ کی سربراہی میں اس قدر باریک بینی اور لگن کے ساتھ تجدید نو کی گئی ہے ۔ ایک زائر نے کہا: ‘جیسے ہی ہم درگاہ کے اندر داخل ہوئے تو دل چاہا کہ یہیں رک جائیں، کیونکہ اندر کی فضا اور نقش نگاری دیکھ کر ایک روحانی سکون محسوس ہوا۔ واضح رہے کہ درگاہ حضرت بل، جہاں حضور اکرمؐ کے موئے مبارک کی زیارت عقیدت مندوں کو نصیب ہوتی ہے ، برصغیر کے کروڑوں مسلمانوں کے لیے نہایت مقدس اور تاریخی مقام کی حیثیت رکھتی ہے۔
عید میلاد النبی (ص) کے مقدس موقع پر اس درگاہ کو زائرین کے لیے دوبارہ کھولنے کا فیصلہ نہ صرف وادی بلکہ پورے خطے کے مسلمانوں کے لئے روحانی خوشخبری ہے ۔