درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کی تزئین و ترقیاتی کاموں کا جلد آغاز

   

بلیو پرنٹ کی تیاری اور منظوری ۔ اراضی کے حصول میں ر کاوٹوں کو جلد دور کرنے کا عزم

حیدرآباد 20 نومبر ( سیاست نیوز ) درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ واقع کتور منڈل کی تزئین اور ترقی کے کام بہت جلد شروع کئے جانے والے ہیں۔ اس کیلئے ماسٹر پلان اور پراجیکٹ کو تیار کرلیا گیا ہے ۔ ریاستی حکومت 50 کروڑ روپئے کے مصارف سے یہاں ترقیاتی کام انجام دینا چاہتی ہے ۔ حال ہی میں وزیر داخلہ محمد محمود علی نے درگاہ حضرت جہانگیر پیراں کا دورہ کیا تھا اور دوسرے عہدیداروں اور وقف بورڈ و اقلیتی بہبود محکمہ کے عملہ کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لیا تھا ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے ماہرین کی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی تاہم ترقیاتی کا منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ یہ کام 50 ایکڑ اراضی پر انجام دئے جائیں گے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس ترقیاتی منصوبہ پر عمل کیلئے اراضی کا حصول باقی ہے اورا س میں کچھ رکاوٹیں ہیں۔ بہت جلد ان رکاوٹوں کو دور کرلیا جائیگا اور ترقیاتی کام شروع کئے جائیں گے ۔ محکمہ اقلیتی بہبود بھی اس کیلئے سرگرم ہے ۔ اس منصوبہ کا ایک بلیو پرنٹ تیار کرلیا گیا ہے اور اسے قطعیت بھی دی گئی ہے ۔ منصوبے کے مطابق یہاں نیاز خانہ ‘ سماع خانہ ‘ دوکانیں ‘ تفریحی سہولیات ‘ پارک ‘ کاٹیجس ‘ پارکنگ ‘ انٹرنل روڈز وغیرہ کی تعمیر کا منصوبہ ہے ۔ ترقیاتی کاموں میں درگاہ شریف کو مرکزی مقام دیتے ہوئے منصوبہ تیار کیا گیا ہے اور تقریبا ایک کیلومیٹر کے فاصلے سے درگاہ شریف کے نظارہ کو یقینی بنانے اقدامات کئے جائیں گے ۔ متعلقہ حکام کی جانب سے بہت جلد درگاہ کا ایک بار پھر دورہ کرتے ہوئے تفصیلی سروے کیا جائیگا اور کاموں کی رفتار کو تیز کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا جائیگا ۔ درگاہ میں حضرت جہانگیر پیراں اور حضرت برہان الدین کے مزارات ہیں جو کتور منڈل موضع ینمن نروا میں واقع ہے اور یہ درگاہ سارے تلنگانہ کے عوام میں مقبول ہے اور منفرد مقام رکھتی ہے ۔