معاملہ ہائی کورٹ تک پہنچ گیا، منگل کو سماعت
حیدرآباد۔ 27 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ کی اہم درگاہوں سے وقف بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کی کوششوں میں رکاوٹ سے متعلق سیاست میں خبر کی اشاعت کے بعد عہدیداروں میں درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کے انتظامات کے آکشن کا اعلامیہ جاری کردیا ہے۔ درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کے انتظامات کا ٹینڈر 28 جون کو ختم ہورہا ہے اور قواعد کے مطابق 8 دن قبل ہی اعلامیہ جاری کیا جانا چاہئے۔ بعض افراد کے دبائو کے تحت وقف بورڈ کے عہدیدار ٹینڈر نوٹیفکیشن کی اجرائی میں تاخیر کررہے تھے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کی مداخلت کے بعد آج چیف ایگزیکٹیو آفیسر عبدالحمید نے ٹینڈر نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ ایک سال کے لیے کنٹراکٹ کی لاگت ایک کروڑ 36 لاکھ 11 ہزار 786 مقرر کی گئی ہے۔ سربمہر ٹینڈرس 6 جولائی سے قبل داخل کیئے جاسکتے ہیں جن کی کشادگی اسی دن عمل میں آئے گی۔ رقم دھڑوت کے طور پر 25 لاکھ روپئے ادا کرنا ہوگا جس کے بغیر ٹینڈر پر غور نہیں کیا جائیگا۔ ٹینڈر کے تحت جو انتظامات شامل رہیں گے ان میں درگاہ اندرونی اور بیرونی حصے میں واقع تمام غولک، چرم، بکروں کے سرے پائے، ہیرکٹنگ، تائی بازاری، واٹر بل، صندل پیاکٹس، لڈوکائونٹر، نذر و نیاز، غلاف چادر، پوسٹ آفس سے موصولہ آمدنی، گولڈ اور سلور اشیاء، بکرے، تیل اور دیگر امور شامل ہیں۔ اسی دوران 2017-18ء میں 90 لاکھ روپئے میں ٹینڈر حاصل کرنے والے شخص نے ہائی کورٹ سے رجوع ہوکر جاریہ سال اسے نامزدگی کی بنیاد پر ٹینڈر الاٹ کرنے کی درخواست کی۔ درخواست گزار نے کہا کہ مذکورہ سال انہیں کافی نقصان ہوا ہے لہٰذا انہیں نامزدگی کی بنیاد پر ٹینڈر الاٹ کیا جائے۔ وقف بورڈ کی جانب سے اسٹینڈنگ کونسل فرحان اعظم نے بحث کی۔ عدالت نے معاملے کی آئندہ سماعت منگل کو مقرر کی ہے۔
