تاجرین کو نقصان نہیں ہوگا، وقف بورڈ چیرمین محمدمسیح اﷲ کا تیقن ، رکن اسمبلی کی زیرصدارت خصوصی اجلاس
شاد نگر ۔ 28 فبروری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی وقف بورڈ چیرمین جناب محمد مسیح اللہ خان نے واضح کیا ہے کہ اس میں کسی کو شک کی ضرورت نہیں ہیکہ درگاہ شریف کے ماسٹر پلان اور ترقیاتی کام ریاست کے چیف منسٹر کے سی آر کی توقع کے مطابق کیا جائے گا۔ اور یہ کہ درگاہ شریف کے ماسٹر پلان پر بغیر کسی ہچکچاہٹ کے عمل آوری کی جائے گی۔ چھوٹے تاجروں کا جو اپنی روٹی روزی کے لیے درگاہ پر انحصار کرتے ہیں۔ ڈیولپمنٹ پلان میں ان کا بھی پورا خیال رکھا جائے گا۔ ڈیولپمنٹ پروگرام میں جو بھی متاثر ہوں گے ان کے لئے متبادل انتظام کیا جائے گا۔ درگاہ شریف کے اطراف و اکناف کے دوکانداروں سے حکومت کے ڈیولپمنٹ کام میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ منگل کو مقامی ایم ایل اے وائی انجیا یادو کی صدارت میں درگاہ کے ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کے ضمن میں خصوصی اجلاس رکھا گیا تھا۔ درگاہ شریف میں منعقدہ خصوصی اجلاس میں مقامی رکن اسمبلی شادنگر وائی انجیا یادو، ریاستی وقف بورڈ چیرمین جناب محمد مسیح اللہ خان، ریاستی مائنارٹی ڈائریکٹر بی شفیع اللہ، ریاستی وقف بورڈ سی ای او سید خواجہ معین الدین ، شادنگر آر ڈی او راجیشوری، فاروق نگر منڈل ایم پی پی خواجہ ادریس احمد، درگاہ شریف کے ڈیولپمنٹ کاموں کو انجام دینے والے آرکیٹک انجینئرس، ریاستی وقف بورڈ کا عملہ اور دیگر عہدیداروں کے علاوہ درگاہ شریف کے تاجرین و مقامی عوام نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نے یقین دلایا کہ ماہ رمضان کے بعد ماسٹر پلان پر عملدرآمد کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خاص طور پر سب سے پہلے ایک نئی شاندار مسجد، خواتین اور مردوں کے لیے وضو خانہ، ایک سماع خانہ ، ایک میٹنگ ہال اور دیگر انفراسٹرکچر سے متعلق ڈھانچہ تعمیر کئے جانے کا ارادہ ہے ، اس کے ساتھ ساتھ مہمانوں کے لیے ایک گیسٹ ہاؤس بھی بنایا جائے گا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ درگاہ میں سڑک کی توسیع کے کاموں اور تاجروں کے روزگار کے معاملے میں کوئی نقصان نہ ہو۔ درگاہ سے تعلق رکھنے والے ٹی آر ایس کے اقلیتی لیڈر رشید نے حکام کو توجہ دلائی کہ بہت سے چھوٹے تاجر اور مقامی لوگ اپنی روزی روٹی کے لیے درگاہ پر انحصار کرتے ہیں۔ متبادل کے طور پر درگاہ آؤٹر روڈ سے بائی پاس روڈ تعمیر کرنے کی تجویز دی۔ تاکہ یہاں ٹرانسپورٹ کی سہولتوں میں خلل نہ پڑے۔ درگاہ آنے والوں کو بھی دوسری گاڑیوں سے پریشانی نہیں ہوگی۔ ایم ایل اے وائی انجیا یادو نے واضح کیا کہ چیف منسٹر کے سی آر کے ماسٹر پلان کے بعد درگاہ میں ان کے ہاتھوں مختلف ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا جائے گا۔اس موقع پر فرخنگر منڈل ایم پی پی خواجہ ادریس احمد ، یادگیری، مقامی ٹی آر ایس قائدین، مقامی تاجروں اور عوام کی بڑی تعداد موجودتھی۔