درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کے ٹنڈر میں بے قاعدگیوں و بدعنوانیوں پر عدالت میں سماعت

   

وقف بورڈ کو ایک کروڑ کا نقصان ہونے کا ادعا ، آئندہ سماعت 28 جون کو مقرر
حیدرآباد۔7۔جون۔(سیاست نیوز) درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کے ٹنڈر میں ہونے والی بے قاعدگیوں و بدعنوانیوں کے معاملہ میں تلنگانہ ہائی کورٹ میں داخل کی گئی رٹ درخواست کے معاملہ میں جسٹس ایس ۔ نندا کی بنچ پر ہوئی سماعت کے دوران ٹھیکہ دار کی جانب سے سینیئر ایڈوکیٹ مسٹر بی میور ریڈی نے عدالت میں پیش ہوتے ہوئے زیر التواء رٹ درخواست میں عدالت کے احکام اور 25لاکھ روپئے اضافہ کئے جانے کے معاملہ سے واقف کروایا جس پر نئی رٹ درخواست گذار کے وکلاء جناب ایم اے شکیل اور جناب سید حسین نے عدالت کو بتایا کہ زیر التواء درخواست ٹنڈر حاصل کرنے والے اور ٹنڈر حاصل کرنے میں ناکام ہونے والے دو فریقین کے مابین تھی اور عدالت نے ٹنڈر کی رقم میں 25لاکھ روپئے اضافہ کا فیصلہ کیا جسے درخواست گذار اور وقف بورڈ دونوں نے ہی قبول کیا جس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ سب آپس میں ملے ہوئے ہیں کیونکہ ٹنڈر حاصل نہ ہونے پر درخواست داخل کرنے والے رٹ درخواست گذار نے یہ کہتے ہوئے عدالت میں درخواست داخل کی تھی کہ انہوں نے 2کروڑ 80 لاکھ روپئے کے اس ٹنڈر کے لئے 2کروڑ کی پیشکش کی تھی لیکن وقف بورڈ نے ٹنڈر حاصل کرنے والے سید فیض الدین سے ساز باز کرتے ہوئے ٹنڈر کے رہنمایانہ خطوط کو بالائے طاق رکھتے ہوئے 1کروڑ 46لاکھ 786 روپئے میں یہ ٹنڈر حوالہ کردیا تھا اور درخواست گذار نے عدالت کی جانب سے 25لاکھ روپئے کے اضافہ کے احکام کو قبول کرلیا اور خود وقف بورڈ نے بھی اسے قبول کرتے ہوئے ساز باز کا ثبوت فراہم کیا ہے جس پر جسٹس ایس۔نندا نے بتایا کہ زیر التواء رٹ درخواست میں دیئے گئے احکامات کا جائزہ لیتے ہوئے 28جون کو اس مقدمہ کی آئندہ سماعت مقرر کی جائے گی۔ تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کے اسٹینڈنگ کونسل جناب فرحان اعظم خان نے عدالت کو وقف بورڈ کی جانب سے سابقہ رٹ میں جاری کئے گئے احکام کو قبول کئے جانے کے متعلق واقف کروایا جس پررٹ درخواست 13781/2023 کے وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ سابق رٹ سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ ادارہ کو ہونے والے ایک کروڑ کے نقصان کی وجہ سے وہ عدالت سے رجوع ہوئے ہیں۔ عدالت نے فریقین کی سماعت کے بعد درگاہ حضرت جہانگیرپیراںؒ کے ٹنڈر میں بدعنوانیوں کے سبب وقف بورڈ کو ہونے والے نقصان کی شکایت کے ساتھ داخل کی گئی اس درخواست پر آئندہ سماعت 28 جون کو مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کے ٹنڈر میں ہونے والی بدعنوانیوں کے علاوہ دیگر درگاہوں کے ٹنڈر میں بھی ہونے والی بدعنوانیوں کو منظرعام پر لانے اور ان کی تحقیقات کروانے کے سلسلہ میں رٹ داخل کئے جانے کی تیاری کی جارہی ہے۔م