درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کے ٹنڈر میں دھاندلی کی شکایت

   

تلنگانہ ہائیکورٹ میں رٹ درخواست قبول، آج سماعت

حیدرآباد۔6۔جون۔(سیاست نیوز) درگاہ حضرت سید جہانگیر پیراںؒ کے ٹنڈر میں ہوئی دھاندلیوں اور قوانین وقف کی خلاف ورزی کے علاوہ سیاسی مداخلت و اثر و رسوخ کے استعمال کے ذریعہ درگاہ کا ٹنڈر حاصل کئے جانے کی شکایت کے ساتھ تلنگانہ ہائی کورٹ میں ایک اور رٹ درخواست داخل کی گئی ہے جسے عدالت نے سماعت کے لئے قبول کرتے ہوئے عدالت میں زیر دوراں رٹ درخواست کے ساتھ منسلک کرتے ہوئے آئندہ سماعت7جون کو مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جسٹس ایس ۔ نندا کی بنچ پر پیش کی گئی رٹ درخواست کو جو کہ سیکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود ‘ چیف اکزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ اور ٹھیکہ دار کو فریق بناتے ہوئے داخل کی گئی ہے اس درخواست میں کہا گیا ہے کہ درگاہ حضرت جہانگیر پیراں کے ہنڈی و دیگر امور کے متعلق ٹنڈر کی حوالگی میں بڑے پیمانے پر دھاندلیاں کی گئی ہیں اوراس ٹنڈر کے حصول میں سیاسی اثر و رسوخ کا استعمال کیا گیا ہے جو کہ قوانین وقف اور دستوری اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے ۔ عدالت میں درخواست کے ادخال پر وقف بورڈ کی جانب سے جناب فرحان اعظم خان ایڈوکیٹ نے عدالت کو واقف کروایا کہ درگاہ حضرت جہانگیر پیراں ؒ کے معاملہ میں ایک رٹ درخواست زیر التواء ہے جس پر درخواست گذار سید غیاث ایڈوکیٹ کے وکیل جناب ایم ۔اے۔ شکیل اور جناب سید حسین نے عدالت کو بتایا کہ ان کا زیر التواء رٹ درخواست سے کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ وہ وقف بورڈ کی جانب سے تیار کئے گئے رہنمایانہ خطوط کی خلاف ورزی پر عدالت سے رجوع ہوتے ہوئے ٹنڈر کو فوری منسوخ کرنے کی درخواست پیش کر رہے ہیں۔ جسٹس ایس۔ نندا نے درگاہ کے ٹنڈر میں قوانین اور رہنمایانہ خطوط کی خلاف ورزی اور سیاسی اثر رسوخ کے استعمال پر بغیر بولی دہندگان کے ٹنڈر حوالہ کئے جانے کے خلاف داخل کی گئی درخواست کو قبول کرتے ہوئے 7 جون کوزیر التواء رٹ کے ساتھ منسلک کرتے ہوئے پیش کرنے کی ہدایت دی۔ درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒکے ٹنڈر کے لئے جو اعلامیہ وقف بورڈ کی جانب سے 11جنوری 2023کو جاری کیا گیا تھا اس میں جو رقم کا تعین کیا گیا تھا وہ 2کروڑ 80 لاکھ روپئے برائے ایک سال تھی لیکن وقف بورڈ نے سید فیض الدین نامی شخص کو جہانگیر پیراں ؒ درگاہ کا ٹنڈر 1کروڑ 46لاکھ 786 روپئے میں حوالہ کردیا جبکہ کم سے کم ٹنڈر 2.80کروڑ کی رقم درج کی گئی تھی۔ سابق میں داخل کی گئی رٹ درخواست پر عدالت نے جو احکام جاری کئے تھے اس میں کچھ رقم کا اضافہ کرنے کی ہدایت دی تھی ‘ اس کے ساتھ ہی درخواست گذار نے اپنی رٹ واپس لینے کی اپیل کی تھی جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے درخواست گذار پر جرمانہ عائد کرنے کا انتباہ دیا تھا ۔ درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کے ٹنڈر کے معاملہ میں کی جانے والی بے قاعدگیوں اور بدعنوانیوں کے بعد اب کہا جا رہاہے کہ ریاست تلنگانہ میں موجود تمام درگاہیں جو کہ وقف بورڈ کے راست انتظامیہ میں ہیں ان میں جاری دھاندلیوں کے لئے بھی جلد ہی عدالت میں ایک رٹ درخواست داخل کی جائے گی تاکہ درگاہوں کی ہنڈی کے ہراج کے معاملات میں جاری بے قاعدگیوں کو دور کرنے کے لئے قانونی راہ اختیار کی جائے ۔ ذرائع کے مطابق درگاہ حضرت جہانگیر پیراں ؒ کے ٹنڈر کے معاملہ میں وقف بورڈ کے علاوہ چیف منسٹر کیمپ آفس میں خدمات انجام دینے والے ملازمین شامل ہیں۔جسٹس ایس ۔ نندا نے رٹ درخواست نمبر 13781/2023 کو زیر التواء رٹ درخواست کے ساتھ منسلک کرتے ہوئے 7 جون کو سماعت مقرر کی ہے۔م