درگاہ حضرت جہانگیر پیراں ؒ کے ترقیاتی کاموں کا جلد آغاز ہوگا،صدر نشین ریاستی وقف بورڈ مسیح اللہ خاں کا دورہ ۔ مختلف امور کا جائزہ لیا گیا

   

حیدرآباد۔28فروری(سیاست نیوز) درگاہ حضرت جہانگیر پیراں ؒ کے ترقیاتی کام جلد شروع کردیئے جائیں گے۔ صدرنشین وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان نے آج ڈائرکٹر محکمہ اقلیتی بہبود جناب ایم بی شفیع اللہ آئی ایف ایس ‘ رکن اسمبلی شاد نگر مسٹر انجیا یادو‘ چیف ایکزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ جناب سید خواجہ معین الدین و دیگر عہدیداروں کے ہمراہ تفصیلی دورہ کرکے مسجد‘ نئے مہمان خانہ ‘ سماع خانہ کے علاوہ بارگاہ کے تعمیری کاموں کے آغاز کا جائزہ لیا ۔ درگاہ حضرت جہانگیرپیراںؒ کو حکومت نے مذہبی سیاحتی مرکز کے طور پر ترقی دینے کے اعلان کے ساتھ اس بارگاہ کے اطراف ترقیاتی کاموں کے منصوبہ کا اعلان کیا تھا اور چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے ان کاموں کے آغاز کے سنگ بنیاد رکھنے کا بھی اعلان کیا تھا لیکن ناگزیر وجوہات کی بناء پر درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کے ترقیاتی کاموں کا آغاز نہیں کیا جاسکا لیکن اب صدرنشین وقف بورڈ کی دلچسپی کے سبب ان کاموں کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ جناب محمد مسیح اللہ خان کے دورہ درگاہ حضرت جہانگیر پیراں ؒ کے موقع پر محکمہ مال کے عہدیدار بھی موجود تھے۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے 50 کروڑ کے خصوصی فنڈس کے ذریعہ درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کے ترقیاتی کاموں کا اعلان کیاتھا ۔ صدرنشین بورڈ نے بتایا کہ حکومت کے اعلان کردہ 50کروڑ روپئے جاری کئے جاچکے ہیں اسی لئے وقف بورڈ نے ڈائرکٹر محکمہ اقلیتی بہبود کی نگرانی میں درگاہ حضرت جہانگیرپیراںؒ کے ترقیاتی کاموں کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کاموں کو جلد مکمل کرنے اقدامات کے ساتھ نئے مہمان خانہ ‘ مسجد کی تعمیر نو اور سماع خانہ کے علاوہ اطراف کے علاقہ کو ترقی دینے اقدامات کئے جائیں گے۔ جناب محمد مسیح اللہ خان کے مطابق درگاہ شریف کے حدود اور اطراف کی جن جائیدادوں کو حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا اس پر بھی عمل آوری کی جائے گی ۔انہوں نے بتایا کہ درگاہ سے متصل 8ایکڑ اراضی کے حصول کے اقدامات کا اندرون دو یوم آغاز کیا جائیگا۔انہو ںنے بتایا کہ حصول اراضیات کے علاوہ دیگر امور کی تکمیل کے بعد ماہ رمضان المبارک کے اختتام پر ان ترقیاتی کاموں کا چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کے ہاتھوں سنگ بنیاد رکھا جائے گا ۔م