حیدرآباد۔28 اپریل (سیاست نیوز) درگاہ حضرت جہانگیر پیراں ؒ کے ٹھیکہ کے معاملہ میں دھاندلیوں کے سلسلہ میں تلنگانہ ہائی کورٹ نے مقدمہ کی سماعت کے دوران ٹھیکہ حاصل کرنے والوں کو ہدایت جاری کی کہ وہ جملہ رقم میں 25 لاکھ کا اضافہ کرتے ہوئے وقف بورڈ کو ادا کریں۔ تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ نے درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کے ٹنڈر کی طلبی اور ٹنڈر داخل نہ کئے جانے کی بنیاد پر سابق میں درگاہ کے امور کی نگرانی کرنے والے ٹھیکہ دار کو ہی 1کروڑ54لاکھ میں ٹنڈر دینے کا فیصلہ کیا تھا جس میں جسٹس ایم سدھیر کمار نے 25لاکھ روپئے اضافہ کرنے کے احکام جاری کئے اور اس ٹھیکہ کے متعلق شکایت درج کروانے کے بعد عدالت میں رٹ درخواست داخل کرتے ہوئے اس سے دستبرداری اختیار کرنے والے درخواست گذار محمد شعیب پر جرمانہ عائد کرنے کا انتباہ دیا ۔درگاہ حضرت جہانگیر پیراں ؒ کے ٹنڈر کا اب مجموعی حساب کیا جائے تو جاریہ سال کے لئے درگاہ کا ٹنڈر جملہ 1کروڑ 74لاکھ روپئے میں دیا گیا ہے یعنی وقف بورڈ کو درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ سے یہ آمدنی حاصل ہوئی ہے۔ جسٹس سدھیر کمار نے ٹھیکہ دار کو ہدایت دی کہ وہ ٹنڈر کی جملہ رقم کا مابقی 50 فیصد حصہ اندرون دو ہفتہ وقف بورڈ میں جمع کروائے اور اضافی شدہ رقم 25لاکھ روپئے جمع کروانے کے لئے ٹھیکہ دار کو 2ماہ کی مہلت فراہم کی گئی ہے ۔ م