درگاہ حضرت حیدر شاہ قادریؒ کی اراضی کا سروے

   

اراضی کی حد بندی کے احکامات جاری، مسلسل نمائندگی کا نتیجہ

کورٹلہ ۔24 جولائی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کورٹلہ ٹاؤن کے قلب میں واقع سروے نمبر 265 وقف اراضی جوکہ درگاہ حضرت حیدر شاہ قادریؒ کے ماتحت ہے ، جس کا مکمل رقبہ 37 گنٹہ پر مشتمل ہے جو نیشنل ہائے وے 63 سے متصل ہونے کے سبب کروڑہا روپیوں کی مالیت کی ہے ، اس اراضی پر (وقف کی اراضی پر ) چند افراد کی جانب سے ناجائز قبضہ کرتے ہوئے اس پر تعمیری کام انجام دیئے گئے ۔ کورٹلہ میں وقف اراضی پر ناجائز قبضہ کے خلاف شہر کورٹلہ کے چند غیور مسلمانوں اور وقف پروٹیکشن کمیٹی کورٹلہ کے قائدین کی جانب سے مسلسل ضلع انتظامیہ سے نمائندگی کئے جانے پر محکمہ مال کے عہدیداروں اور لینڈ سروے ڈپارٹمنٹ ، مجلس بلدیہ کورٹلہ ٹاؤن پلاننگ عہدیداروں کی جانب سے مشترکہ طورپر سروے کیا گیا اور سروے نمبر 265 کی حد بندی کرتے ہوئے اس کے حدود قائم کئے گئے ۔ وقف پروٹیکشن کمیٹی کے اس اقدام سے وقف اراضی کے مکمل رقبہ بازیاب ہونے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں ۔ اس موقع پر کوریلا انیلا کشن تحصیلدار کورٹلہ نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع انتظامیہ کے احکامات کے مطابق عمل کرتے ہوئے شہر کورٹلہ کی وقف اراضی سروے نمبر 265 کی حد بندی کرتے ہوئے اس کے مکمل تحفظ کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ اس موقع پر تحصیلدار کورٹلہ کے ہمراہ ریونیو انسپکٹر کورٹلہ جناب راجندر راؤ ، منڈل سوپر وائیز شریمتی رمنا ، وقف پروٹیکشن کمیٹی کورٹلہ کے صدر عبدالخالق ، محمد وسیم ، محمد نجیب الدین قائد کانگریس آئی پارٹی ، احمد عبدالقیوم ، محمد عبدالسلیم ، مرزا مکرم بیگ جرنلسٹ موجود تھے ۔