درگاہ حضرت سید شہاب الدینؒ کی اراضی پر قبضہ و تعمیرات

   

Ferty9 Clinic

صدر نشین وقف بورڈ کی فوری کارروائی کام رکوادیا ، پولیس میں شکایت درج
حیدرآباد۔7۔جنوری(سیاست نیوز ) درگاہ حضرت سید شہاب الدین ؒ کے تحت شمس آباد موضع میں موجود 210 ایکڑ اراضی پر قبضہ اور تعمیر کی اطلاعات کے ساتھ ہی صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ جناب سید عظمت اللہ حسینی نے حرکت میں آتے ہوئے بورڈ کے متعلقہ عہدیدارو ںکو تعمیراتی کاموں کو فوری رکواتے ہوئے متعلقہ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروانے کی ہدایات جاری کی جس کے نتیجہ میں انتہائی قیمتی اس اراضی پر کی جانے والی تعمیرات کو روک دیا گیا۔ جناب سید عظمت اللہ حسینی نے درگاہ حضرت سید شہاب الدین ؒ کے تحت موجود موقوفہ اراضی سروے نمبر75AA اور75AB میں موجود اراضیات پر غیر مجاز تعمیرات کی اطلاعات پر کاروائی کرتے ہوئے اسے رکوادیا۔ بتایا جاتا ہے کہ وقف بورڈ کے عہدیداروں نے صدرنشین کی ہدایت کے ساتھ ہی مذکورہ موقوفہ اراضی کے تحفظ کے لئے فوری طور پر اقدامات کا آغاز کردیا اور پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرواتے ہوئے تعمیرات کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر کروانے کے لئے تحریری شکایت حوالہ کی۔ جناب سید عظمت اللہ حسینی نے بتایا کہ شہر کے نواحی علاقہ میں موجود اس درگاہ کے تحت وقف اراضی کے حصہ پر کی جانے والی تعمیرات کی شکایات کے ساتھ ہی کاروائی کرتے ہوئے ان کاموں کو رکوایا جاچکا ہے اور محکمہ مال کے عہدیداروں بالخصوص تحصیلدار شاہ آباد منڈل ضلع رنگاریڈی کو اس بات کی ہدایت دی گئی ہے کہ جوائنٹ سروے کو یقینی بناتے ہوئے وقف جائیدادکے تحفظ اور حد بندی کے اقدامات کئے جائیں۔ انہو ںنے بتایا کہ ردرارم موضع ‘ شاہ آباد منڈل میں موجود اس انتہائی قیمتی اراضی پر دیواروں کی تعمیر کے سلسلہ میں کئے جانے والے تعمیراتی کاموں کو فوری اثر کے ساتھ بند کرواتے ہوئے یہ کام انجام دینے والوں کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کروانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور آئندہ کسی بھی مقام پر موقوفہ جائیداد پر قبضہ یا غیر مجاز تعمیرات کی شکایات موصول ہوتی ہیں تو ایسی صورت میں وقف بورڈ فوجداری کاروائی کرواتے ہوئے قابضین کے خلاف مقدمات درج کروانے سے گریز نہیں کرے گا اور نہ ہی موقوفہ جائیدادوں پر قبضہ جات کی صورت میں خاموشی اختیار کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ وقف بورڈ میں خدمات انجام دینے والے عملہ کو بھی اس بات کا پابند بنایا جا رہاہے کہ وہ کسی بھی مقام سے وقف جائیداد پر قبضہ کی شکایت موصول ہونے پر اعلیٰ حکام کو مطلع کرتے ہوئے فوری کاروائی کریں۔3