پانچ ریاستوں میں کانگریس کی کامیابی کیلئے دعاء، مرکز میں کانگریس حکومت کا یقین
حیدرآباد۔/22 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے آج نئی دہلی میں درگاہ حضرت نظام الدین اولیاء ؒ پر حاضری دی اور 5 ریاستوں کے اسمبلی چناؤ میں کانگریس کی کامیابی کیلئے خصوصی دعاء کی۔ کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ محمد اظہر الدین، مولانا خسرو پاشاہ بیابانی اور دیگر اقلیتی قائدین کے ہمراہ درگاہ شریف پر حاضری دی اور چادرِ گُل پیش کرتے ہوئے خصوصی دعاء میں شریک ہوئے۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ پانچ ریاستوں کے چناؤ میں کانگریس پارٹی کی کامیابی اور ملک میں سیکولر حکومت کی تشکیل کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ ملک میں ایسی حکومت کی ضرورت ہے جو تمام مذاہب کو ساتھ لے کر چلے اور تمام کی بھلائی اور امن اس کی ترجیح ہو۔ حضرت نظام الدین اولیاء ؒ کی بارگاہ میں کی گئی دعا ضرور قبول ہوتی ہے، مجھے امید ہے کہ پانچ ریاستوں میں کانگریس کی حکومت تشکیل پائے گی جو تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلے گی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ راہول گاندھی نے کنیا کماری سے کشمیر تک 150 دن میں 4000 کلو میٹر کی بھارت جوڑو یاترا کی۔ ملک کیلئے گاندھی خاندان کی کئی قربانیاں ہیں۔ اندراگاندھی اور راجیو گاندھی نے ملک پر اپنی جان قربان کردی۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کی قیادت میں مرکز میں کانگریس حکومت تشکیل پائے گی جو ہندوؤں اور مسلمانوں کو ساتھ لے کر کام کرے گی۔ کے سی آر اور نریندر مودی کی جانب سے مذہب کے نام پر سماج کو تقسیم کرنے کی کوشش ناکام رہے گی۔