بلدیہ کی جانب سے 20 لاکھ کا خرچ، وزیر داخلہ محمود علی اور صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم کی شرکت
حیدرآباد۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے درگاہ حضرات یوسفینؒ نامپلی میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے تعمیر کردہ ٹائیلٹس اور وضؤ خانے کا افتتاح انجام دیا۔ تعمیری کاموں پر 21 لاکھ 65 ہزار روپئے کا خرچ آیا ہے۔ اس موقع پر صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم، ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین، مقامی کارپوریٹرس، بلدی عہدیدار اور وقف بورڈ کے عہدیدار موجود تھے۔ زائرین کو دشواریوں کے پیش نظر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ وضؤ خانے اور ٹائیلٹس کی تعمیر و مرمتی کاموں کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ زائرین کی سہولت کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ طویل عرصہ سے وضؤ خانے اور ٹائیلٹس کے سلسلہ میں نمائندگیاں موصول ہورہی تھیں جس پر مجلس بلدیہ نے تعمیری کام انجام دیا۔ انہوں نے کہا کہ درگاہ شریف کے دیگر کاموں کی تکمیل جلد انجام دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ملک کے واحد سیکولر لیڈر ہیں جو تمام مذاہب کا یکساں طور پر احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کے ترقیاتی منصوبے کو منظوری دی ہے تاکہ زائرین کو بہتر سہولت فراہم ہو۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر پیراںؒ کے ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے کہاکہ وقف بورڈ کی جانب سے درگاہ یوسفینؒ میں زائرین کی سہولتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف گوشوں سے زائرین عقیدت و احترام کے ساتھ بارگاہ یوسفین ؒ میں حاضری دیتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وقف بورڈ نے ہمیشہ بہتر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ ریاست کی تمام اہم درگاہوں میں زائرین کی سہولت کیلئے کئی قدم اٹھائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصہ میں درگاہ بڑا پہاڑ اور درگاہ حضرت بابا شرف الدین ؒ پہاڑی شریف میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا گیا۔ محمد سلیم نے کہا کہ وقف بورڈ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے حکومت کے تعاون سے اقدامات کررہا ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اوقافی جائیدادوں اور اراضیات کے تحفظ میں سنجیدہ ہیں۔ چیف منسٹر نے وقف جائیدادوں کے غیرقانونی رجسٹریشن روکنے کیلئے احکامات جاری کئے۔ تمام رجسٹریشن دفاتر کو پابند کیا گیا کہ اوقافی جائیدادوں اور اراضیات کا رجسٹریشن نہ کیا جائے۔ ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین نے بارگاہ یوسفینؒ سے اپنی غیر معمولی عقیدت کا اظہار کیا اور کہا کہ بلدیہ کی جانب سے زائرین کی سہولت کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں گے۔