حیدرآباد ۔ 12 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ( جی ایچ ایم سی ) نے عوام کو درگم چیرو کیبل بریج پر صرف ویک ینڈس میں جانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ بریج جمعہ کے دن رات 10 بجے سے پیر کو صبح 6 بجے تک گاڑیوں کے لیے بند رہے گا ۔ دوسرے دنوں میں یہ بریج رات 11 بجے سے صبح 6 بجے تک گاڑیوں اور پیدل راہگیروں دونوں کے لیے بند رہے گا ۔ گاڑیوں کی آمد و رفت کے وقت مین کیریج وے پر چلنا ’سڑک عبور کرنا ‘ سڑک یا سائیڈ ریلنگس پر ٹہرنا / بیٹھنا ، برج پر گاڑیوں کو روکنا یا پارک کرنا ، جمع ہونا اور الکحل کا استعمال کرنا اس بریج پر ممنوع ہے ۔ بریج کے دونوں جانب محدود پارکنگ کے لیے انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ مجوزہ پارکنگ مقامات حسب ذیل ہیں ۔ آئی ٹی سی کوہ نور کے عقب میں ، روڈ نمبر 45 پر کیبل بریج کے نیچے ، مستان نگر میں بریج کے نیچے ، روڈ نمبر 45 سے فلائی اوور کے بائیں جانب ۔ اس بریج پر رفتار کی حد زیادہ سے زیادہ 35 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے ۔۔