درگم چیرو پر تعمیر کردہ کیبل برج کا آج شام افتتاح

,

   

184 کروڑ روپئے کے مصارف برج کی تعمیر ۔ کے ٹی آر افتتاح انجام دیں گے
حیدرآباد۔ شہر حیدرآباد میں درگم چیرو پر تعمیر کردہ کیبل برج کا 25 ستمبر کو ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر افتتاح کریں گے۔ ملک بھر میں اپنی نوعیت کے اس پہلے کیبل برج کی تعمیر پر 184 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے ہیں۔ گذشتہ ہفتہ ہی اس کیبل برج کے افتتاح کی تمام تیاریاں کرلی گئی تھیں تاہم لمحہ آخر میں افتتاح کے پروگرام کو ملتوی کردیا گیا تھا۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے کیبل برج کے افتتاح کا اب سرکاری طور پر اعلان کیا گیا ہے۔ جمعہ کی شام 5:30 بجے کے ٹی آر اس کا افتتاح کریں گے۔ اس پروگرام میں مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی، میئر حیدرآباد بی رام موہن کے علاوہ دوسرے شرکت کریں گے۔ درگم چیرو پر پانی کی سطح سے 20 میٹر اونچا تعمیر کردہ یہ کیبل برج ایشیاء کا دوسرا بڑاکیبل برج ہے۔ کیبل برج کے ساتھ جوبلی ہلز روڈ نمبر 45 کو جوڑتے ہوئے ایک فلائی اووربھی تعمیر کیا گیا ہے جس کو پدا اماں تلی کے نام سے موسوم کیا گیا ہے جس کا بھی کے ٹی آر افتتاح کریں گے۔ آئی ٹی ملازمین کی آمدورفت کے ساتھ ساتھ ٹریفک مسائل کو حل کرنیکے علاوہ شہر حیدرآباد میں مزید ایک سیاحتی مرکز کو فروغ دینے کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے کیبل برج تعمیر کیا گیا ہے جس کی تعمیرات اندرون 2 سال مکمل کی گئی ہیں۔ مکمل کیبل ٹکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے اس طرح کا ملک میں پہلا کیبل برج حیدرآباد میں تعمیر کیا گیا ہے۔