درگم چیرو پر کیبل برج ، 15 اگست کو افتتاح

,

   

کاموں کی برق رفتار تکمیل ، 426 فٹ برج کی تعمیر پر 184 کروڑ کا خرچ
حیدرآباد۔ درگم چیرو پر تعمیر کئے گئے کیبل برج کا 15 اگسٹ تک افتتاح عمل میں لانے کے اقدامات کئے جار ہے ہیں اور وزیر تلنگانہ کے ٹی راما راؤ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے بعد مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے برج کے کاموں کو مکمل کرنے کے عمل کو تیز کردیا گیا ہے۔بتایاجاتاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے تیار کردہ منصوبہ پر عمل کرتے ہوئے مجلس بلدیہ کی جانب سے 184 کروڑ کی لاگت سے اس برج کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے اور اب یہ آخری مراحل میں ہے۔ کیبل برج شہر حیدرآباد میں اپنی نوعیت کا ایک منفرد برج ہوگا جو کہ عوام کی سہولت کے ساتھ علاقہ کی خوبصورتی میں اضافہ کا سبب بنے گا۔ جی ایچ ایم سی ذرائع نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں یہ منفرد برج کی تعمیر کا مقصد جوبلی ہلز سے مادھاپور کی مسافت کو کم کرنے کے علاوہ ٹریفک کی سہولت اور علاقہ میں خوبصورتی میں اضافہ کرنا ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ اس برج کو شہریوں کو کھول دیئے جانے کے بعد جوبلی ہلز ‘ مادھاپور‘ ہائی ٹیک سٹی ‘ مائنڈ اسپیس اور فینانشنل ڈسٹرکٹ کی مسافت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی جائے گی

اورمصروف ترین اوقات کے دوران ٹریفک جام کے مسائل میں بھی کمی واقع ہوگی ۔مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد کی جانب سے کیبل برج کے اس کام کو ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ حکومت کی جانب سے ہدایات موصول ہونے کے بعد جی ایچ ایم سی نے برج کے لمحہ آخر کے کاموں کو 15اگسٹ سے قبل مکمل کرنے کی منصوبہ بندی کرلی ہے تاکہ حکومت کی جانب سے برج کو عوام کیلئے کھولنے کے اعلان کے بعد کسی چیز میں کوئی رکاوٹ باقی نہ رہے۔بتایاجاتاہے کہ 426 میٹر کی مسافت والے اس کیبل برج کے سبب کئی فائدے ہوں گے اور اس برج پر دونوں رخ سے سفر کی اجازت حاصل رہے گی۔اس اعتبار سے اس برج کی جملہ مسافت 736میٹر ہوگی اور اس برج کی تعمیر کیلئے جی ایچ ایم سی نے جملہ 184 کروڑ روپئے خرچ کئے ہیں۔اس برج کے افتتاح کے سلسلہ میں عہدیداروں نے بتایا کہ ریاستی حکومت سے آئندہ ماہ کے دوسرے ہفتہ میں کسی بھی وقت اس برج کے افتتاح کی تاریخ کا اعلان کیا جاسکتا ہے اور یہ برج شہر حیدرآباد کی منفرد تعمیرات میں ایک اہم تعمیر ثابت ہوگا اور شہری بھی اس کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔