حیدرآباد4دسمبر(یواین آئی)شہر حیدرآباد میں درگم چیرو کا کیبل برج مکمل ہوگیا ہے ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی) کے انجینئر ان چیف آر سریدھر نے آخری مرحلہ کے کاموں کا معائنہ کیا۔ اس طرح جی ایچ ایم سی نے 180 کروڑ روپئے کے صرفہ سے تعمیر کردہ 238 میٹر کے طویل برج کے تمام 53 مرحلہ مکمل کرلئے ہیں۔ یہ برج جوبلی ہلز تا مادھا پور بنایا گیا ہے جس کے ذریعہ آئی ٹی اور کارپوریٹ کمپنیوں کے ملازمین آسانی کے ساتھ اپنے کام کے مقام کو جاسکتے ہیں۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے اب اس برج پر روشنی اور دونوں طرف ریلنگ کے کام انجام دیئے جائیں گے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس پل پر کئی رنگ کی روشنیاں لگائی جائیں گی۔ اس برج پر خصوصی روشنی کیلئے حیدرآباد کی کمپنی نے چین کی کمپنی کے ساتھ اشتراک کیا ہے ۔ اس برج کی سلامتی اور دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔