درگ سینٹرل جیل میں قیدیوں کی بہنوں کو راکھی باندھنے کی اجازت

   

درگ، 08 اگست (یواین آئی) چھتیس گڑھ کی درگ سینٹرل جیل میں صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک جیل کے مین گیٹ پر رکھشا بندھن پر رجسٹریشن کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس بار راکھی پر بہنیں جیل کے احاطے میں صرف 100 گرام خشک مٹھائی لے سکیں گی۔ دوسری چیزیں اندر لے جانا منع ہے ۔ درگ جیل کے سپرنٹنڈنٹ منیش سمبھاکر نے بتایا کہ 9 اگست کو سینٹرل جیل درگ میں رکھشا بندھن کا تہوار منایا جائے گا۔ رکھشا بندھن کے مقدس تہوار پر بہنوں کو جیل میں قیدیوں کو راکھی باندھنے کی اجازت ہوگی۔ اپنے قیدی بھائیوں کو راکھی باندھنے آنے والی بہنوں کو اپنا شناختی کارڈ ساتھ لانا ہو گا اور شناختی کارڈ کی جانچ پڑتال کے بعد ہی انہیں جیل میں داخل ہونے دیا جائے گا۔ قیدیوں کو راکھی باندھنے کے لیے بہنوں کو صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک جیل میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔ رکھشا بندھن پر جیل کے احاطے میں مردوں کا داخلہ ممنوع رہے گا۔ اس کے لیے جیل انتظامیہ نے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ سیکورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے سخت انتظامات کئے جا رہے ہیں۔