حیدرآباد 26 فبروری ( این ایس ایس ) ریاستی وزیر زراعت ایس نرنجن ریڈی نے کہا کہ دریاوں اور ان سے متعلق پراجیکٹس کا تحفظ ریاستی حکومت کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ ہم نے کالیشورم پراجیکٹ بنایا ہے ۔ اس کے علاوہ ریاست میں کئی دوسرے آبپاشی پراجیکٹس تعمیر کئے جا رہے ہیں۔ دریاؤں کے تحفظ پر ایک دو روزہ قومی ورکشاپ سے خظاب کرتے ہوئے نرنجن ریڈی نے غیر سرکاری تنظیموں اور عوام سے خواہش کی کہ وہ بہتر مستقبل کیلئے دریاؤں کے تحفظ میں حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم زراعت کیلئے پانی کے تحفظ کو ترجیح دیتے ہیں۔ گھریلو استعمال کیلئے ترجیح دی جاتی ہے ۔ صنعتی استعمال اور پینے کیلئے بھی پانی کی ضرورت ہوتی ہے ایسے میں دریاوں کا تحفظ ضروری ہے ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کئی دریاؤں کا تحفظ کیا جا رہا ہے اور کئی دریاؤں پر آبپاشی پراجیکٹس بھی تعمیر کئے جا رہے ہیں۔ ریاست میں گوداوری ندی 200 کیلومیٹر تک بہتی ہے اور اس پر حکومت کی جانب سے کالیشورم پراجیکٹ تعمیر کیا گیا ہے ۔ یہ پراجیکٹ محض تین سال کے عرصہ میں مکمل کرلیا گیا ہے ۔ کسی دوسری ریاست یا ملک میں اس طرح کے بڑے پراجیکٹ کی تعمیر کی کوئی نظیر نہیںملتی ۔ ریاستی حکومت چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی اہل قیادت میںزراعت اور آوپاشی کے شعبہ کو خاطر خواہ ترقی دینے میں سرگرم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گاووں کی ترقی کیلئے بھی حکومت کی جانب سے مسلسل اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
اور ان کی وجہ سے حالات میں بتدریج بہتری بھی آتی جا رہی ہے ۔