دریائے جمنا کا بہائو خطرے کے نشان سے اوپر

   

جالندھر میں فوجی ہیلی کیاپٹر کے ذریعہ غذا کی سربراہی
نئی دہلی۔21 اگست (سیاست ڈاٹ کام) دریائے جمنا خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے۔ حکومت دہلی کے بموجب سطح آب 206.60 میٹر گزشتہ کئی گھنٹوں سے برقرار ہے تاہم اس میں کمی کا امکان ہے۔ 15 ہزار سے زیادہ افراد جو سیلاب سے متاثرہ میادنی علاقوں میں مقیم تھے، محفوظ علاقوں کو منتقل کردیئے گئے ہیں۔ کئی سرکاری محکمے نشیبی علاقوں سے عوام کے تخلیہ میں شامل ہیں۔ ریلوں کی آمد و رفت جمنا کے پل ’’لوہے والا پل‘‘ پر عارضی طور پر معطل کردی گئی ہے۔ اتوار کی رات سے کئی ٹرینوں کا رابطہ تبدیل کردیا گیا ہے۔ بڑھتی ہوئی سطح آب کی وجہ سے دہلی کے عہدیدار پہلے ہی سے لوہے والا پل بند کرچکے ہیں۔ جالندھر کے علاقے لوہیاں سے موصولہ اطلاع کے بموجب فوجی ہیلی کیاپٹرس کی خدمات چہارشنبہ کے دن سے غذائی پیاکٹس سیلاب زدہ علاقوں کو سربراہ کرنے کے لیے حاصل کی جاچکی ہیں۔ جالندھر اور دیگر کئی اضلاع دریائے ستلج کے مٹی کے کناروں کو توڑ دینے کی وجہ سے زیر آب آچکے ہیں۔ حالیہ بارش کے بعد فاضل پانی بھاکڑا ڈیم میں خارج کیا جاچکا ہے۔ لدھیانہ کے دیہی قلاوں میں دریائے ستلج اور اس کی معاون ندیوں میں سیلاب آچکا ہے۔