حیدرآباد۔/13نومبر، ( سیاست نیوز) دریائے کرشنا میں سیاحوں کو سیر و تفریح کی سہولتیں فراہم کرنے کے مقصد سے ریاستی محکمہ سیاحت نے ایک ’لانچ ‘ ( کشتی ) شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وزیر سیاحت مسٹر سرینواس گوڑکل 14 نومبر کو کولا پور کے مقام پر اس نئی ’ لانچ ‘ کا باقاعدہ طور پر افتتاح کریں گے۔ مسٹر بی ہرشوردھن ریڈی رکن اسمبلی کولا پور نے اس بات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ کل سے شروع کی جانے والی لانچ سیاحوں کو لے کر سوشیلا سے سری سیلم پہنچے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس لانچ کی بہت ہی اچھے انداز میں آسائش کی گئی ہے اور نئی طرز کی آرام دہ نشستیں اور دیگر عصری سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس نئی لانچ کا مقامی ایم پی پی شریمتی جی سدھارانی ، جی نریندر ریڈی اور پارٹی قائدین کے ہمراہ سوما شیلا کے پاس رکن اسمبلی مسٹر بی ہرشوردھن ریڈی نے مکمل مشاہدہ کیا۔