دریائے کرشنا میں محکمہ سیاحت کی جانب سے آج نئی سیاحتی کشتی کا افتتاح

   

حیدرآباد۔/13نومبر، ( سیاست نیوز) دریائے کرشنا میں سیاحوں کو سیر و تفریح کی سہولتیں فراہم کرنے کے مقصد سے ریاستی محکمہ سیاحت نے ایک ’لانچ ‘ ( کشتی ) شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس فیصلہ کی روشنی میں ریاستی وزیر سیاحت مسٹر سرینواس گوڑ کل یعنی 14 نومبر کو کولا پور کے مقام پر اس نئی ’ لانچ ‘ کا باقاعدہ طور پر افتتاح کریں گے۔ مسٹر بی ہرشوردھن ریڈی رکن اسمبلی کولا پور نے اس بات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ کل سے شروع کی جانے والی لانچ سیاحوں کو لے کر سوشیلا سے سری سیلم پہنچے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس لانچ کی بہت ہی اچھے انداز میں آسائش کی گئی ہے اور نئی طرز کی آرام دہ نشستیں اور دیگر عصری سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس نئی لانچ کا مقامی ایم پی پی شریمتی جی سدھارانی ، جی نریندر ریڈی اور پارٹی قائدین کے ہمراہ سوما شیلا کے پاس رکن اسمبلی مسٹر بی ہرشوردھن ریڈی نے مکمل مشاہدہ کیا۔ بعد ازاں مسٹر ہرشوردھن ریڈی نے بتایا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل میں آنے کے بعد چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں حکومت نے کولا پور علاقہ میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور اس علاقہ کی ترقی کیلئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں اور بالخصوص سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کروڑہا روپئے مختص کرکے ترقیاتی اقدامات انجام دے رہے ہیں۔ اس موقع پر رکن اسمبلی کے ہمراہ مسرس ہارون پاشاہ، چندر شیکھر چودھری، وینکٹ سوامی، کیشولو و دیگر قائدین بھی موجود تھے۔