دریائے کرشنا کے پانی میں حصہ داری پر کوئی سمجھوتہ نہیں

   

23 ستمبر کو کرشنا آبی ٹریبونل کا نئی دہلی میں اجلاس، اتم کمار ریڈی کی ماہرین سے مشاورت
حیدرآباد۔ 14 ستمبر (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ دریائے کرشنا کے پانی میں ریاست کی حصہ داری پر حکومت کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ اتم کمار ریڈی نے کرشنا واٹر ٹریبونل کے 23 ستمبر کو مجوزہ اجلاس کے پیش نظر عہدیداروں کا اجلاس منعقد کیا جس میں دریائے کرشنا پر موجود آبپاشی پراجکٹس سے پانی کے حصول کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت 811 ٹی ایم سی پانی میں 71 فیصد حصہ کا مطالبہ کررہی ہے اور یہ حق بجانب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریبونل اجلاس میں حکومت اپنا موقف پیش کرے گی۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ دریائے کرشنا کے پانی میں حصہ داری سے متعلق موقف کی وضاحت کرکے رپورٹ تیار کریں۔ عہدیداروں اور ماہرین سے مشاورت کے بعد ٹریبونل میں پیش کرنے دلائل کو قطعیت دی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پینے کے پانی اور آبپاشی سہولتوں کے علاوہ صنعتوں کو سربراہی آب کے اقدمات کریگی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کرشنا ٹریبونل کے اجلاس کے موقع پر نئی دہلی میں موجود رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دریاؤں کے پانی میں حصہ داری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ سپریم کورٹ کے سینئر قانون داں سی ایس ویدیاناتھن اور قانونی اور تکنیکل ماہرین نے اجلاس میں شرکت کی۔ کرشنا واٹر ڈسپیوٹ ٹریبونل کا 23 تا 25 ستمبر نئی دہلی میں اجلاس منعقد ہوگا۔ 1