دریائے کرشنا کے پانی کی تقسیم پر مرکز کا رویہ افسوسناک

   

کے سی آر کسانوں کے حق میں نہیں: وینکٹ ریڈی

حیدرآباد۔/10 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ حکومت مرکز کے زرعی قوانین کو تلنگانہ میں اختیار کرنے کیلئے بے چین ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کسانوں سے ہمدردی کا اظہار کرنے والے چندر شیکھر راؤ کارپوریٹ شعبہ کے تحت محکمہ زراعت کو حوالے کرنے کی تیاری کرچکے ہیں۔ مرکزی زرعی قوانین پر عمل آوری کے ذریعہ کسانوں کی پیداوار پر کنٹرول حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسان کس چیز کی پیداوار کریں اس کا اختیار بھی حکومت اپنے کنٹرول میں لینا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کسانوں کو علحدہ تلنگانہ کے قیام کے باوجودکوئی فائدہ نہیں پہنچا۔ کسان اپنی پیداوار کی اقل ترین امدادی قیمت سے محروم ہیں۔ سی پی آئی سکریٹری نے کسانوں کے مسائل پر کُل جماعتی اجلاس طلب کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں چیف منسٹر نے زرعی شعبہ کی ترقی کے بارے میں جو دعوے کئے ہیں وہ گمراہ کن ہیں۔ دریائے کرشنا کے پانی کی تقسیم کے مسئلہ پر مرکی حکومت دونوں تلگو ریاستوں کے مفادات کو نقصان پہنچانا چاہتی ہے۔ انہوں نے آبپاشی پراجکٹس کا کنٹرول مرکز کی جانب سے حاصل کرنے کے فیصلہ کی مذمت کی۔سی پی آئی قائد نے کہا کہ جنگلاتی علاقوں میں کاشت کرنے والے قبائیلیوں کو اراضی کے حقوق حوالے کرنے میں حکومت سنجیدہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پی آئی، سی پی ایم اور دیگر اپوزیشن جماعتیں قبائیلیوں کو جائز حق دلانے کیلئے جدوجہد کریں گی۔ر