اضلاع مشرقی و مغربی گوداوری میں ہزاروں افراد ریلیف کیمپوں کو منتقل
امراوتی۔ 4 اگست (پی ٹی آئی) دریائے گوداوری میں مسلسل بھاری سیلاب کے نتیجہ میں آندھرا پردیش کے اضلاع مشرقی گوداوری و مغربی گوداوری میں اتوار کو 74,000 افراد متاثر ہوئے تقریباً 18,000 افراد ریلیف کیمپوں کو منتقل کردیئے گئے۔ دھویشورم کے سرآرتھر کاٹن بیاریج پر دوسری وارننگ جاری کردی گئی۔ محبوب نگر دریا کا پانی خطرہ پر نشان سے اوپر بہہ رہا ہے۔ اس علاقہ میں مانسون کے انتہائی موسلادھار بارش کے سبب گزشتہ ایک ہفتہ سے ندی کی سطح آب میں مسلسل اضافہ ہورہا تھا اور اتوار کی صبح سطح آب کا نشانہ 13 لاکھ کیوسکس کو عبور کر گیا چنانچہ تقریباً تمام فاضل پانی خلیج بنگال میں چھوڑ دیا گیا۔ موسلادھار بارش اور سیلاب کے باوجود کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس اور اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس متاثرہ علاقوں میں ضروری غذا کی سربراہی کے ساتھ پہونچ رہے ہیں۔ ان دونوں اضلاع میں برقی سربراہی مسدود ہے اور مواصلاتی نظام ٹھپ ہوگیا ہے۔
