دریا میں غرق فاریسٹ بیٹ آفیسرس کی لاشوں کا پتہ چل گیا

   

حیدرآباد2دسمبر(یواین آئی) تلنگانہ اور مہاراشٹر کی سرحد پر واقع دریائے پرنیہتا میں کشتی کے الٹ جانے کے واقعہ میں غرق دو فاریسٹ بیٹ آفیسرس کی لاشوں کا پتہ چل گیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ 33سالہ بالاکرشنا ساکن کاغذنگرمنڈل چنتا گوڑا گاوں اور 35سالہ بی سریش ساکن تیملا گوڑہ گاوں کیرامیری منڈل کی لاشیں نکالی گئیں۔یہ دونوں کاغذنگر فاریسٹ ڈیویثرن کے فاریسٹ رینج میں کام کرتے تھے ۔ماہر غوطہ خوروں کی ٹیم،پولیس اور این ڈی آرایف کی ٹیموں نے کافی تلاش کے بعد آج تقریبا صبح آٹھ بجے ان لاشوں کا پتہ چلایا۔چھ ٹیمیں گزشتہ روز سے ہی ان لاشوں کو تلاش کر رہی تھیں۔ان لاشوں کو بعد ازاں پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال منتقل کردیاگیا۔ ان عہدیداروں کی حال ہی میں تقرری ہوئی تھی جو کاریجلا جنگلات سے منسلک تھے ۔یہ واقعہ اتوار کو دونوں ریاستوں کی سرحد کے قریب واقع گڈم گاوں میں پیش آیا تھا۔کاغذنگر فاریسٹ ڈیویثرنل آفیسر وجئے کمار کے مطابق یہ فاریسٹ بیٹ آفیسرس بالاکرشنا،سریش اور صدام کشتی میں سوار تھے ۔کشتی کے الٹ جانے کے نتیجہ میں بالاکرشنا اور سریش لاپتہ ہوگئے جبکہ صدام تیراکی سے واقف ہونے کی وجہ سے محفوظ طورپر باہر نکلنے میں کامیاب رہا۔ یہ تینوں ڈیوٹی کے حصہ کے طور پر مہاراشٹر کے آہیری سے واپس ہورہے تھے ۔وہ دریائے پرنیہتا پر بنائے گئے پُل پر پیدل گئے تھے تاہم وہ دیسی ساختہ کشتی میں واپس ہورہے تھے ۔محکمہ جنگلات کے عہدیدار آہیری میں ہفتہ واری بازار سے اشیا کی خریداری کے بعد کشتی میں واپس ہورہے تھے ۔